کورونا وائرس: پاکستان میں ایک ہی دن میں پانچ جاں بحق، ہلاکتیں 52، مریضوں کی تعداد 3665 ہوگئی

ملک بھر میں وائرس کا شکار ہونے والے 413 افراد اب تک صحت یاب ہو چکے، پنجاب میں لاک ڈائون میں 14 اپریل تک توسیع

663

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید پانچ افراد کی موت کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 52 ہوگئی جب کہ پانچ سو سے زائد نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 3665 ہو گئی، وائرس کا شکار ہونے والے 413 افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں اب تک کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں میں سب سے زیادہ17 اموات سندھ میں ہوئی ہیں، 16 خیبر پختونخوا، 15، گلگت  بلتستان میں تین اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

پاکستان میں کورونا کے کیسز ایک لاکھ تک جا سکتے ہیں

پاکستان کے معروف سائنسدان ڈاکٹر عطا الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کیسز ایک لاکھ تک جاسکتے ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں ڈاکٹر عطا الرحمان نے بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس ٹیسٹنگ صلاحیت کی کمی ہے۔ جب تک ہم ٹیسٹنگ صلاحیت نہیں بڑھائیں گے، اس وقت تک ہمیں مصدقہ تعداد معلوم نہیں ہوسکتی۔

پنجاب میں لاک ڈائون میں 14 اپریل تک توسیع 

پنجاب حکومت نے بھی کورونا وائرس کے باعث نافذ لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کردی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے لاک ڈاؤن میں توسیع کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق لاک ڈاؤن 14 اپریل کی شام 5 بجے تک ہوگا۔

وائرس رائیونڈ تبلیغی اجتماع سے پھیلا: وزیر اعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان میں لاک ڈاؤن نہ ہونے کے سبب تبلیغی اجتماع سے کورونا وائرس پھیلا۔

انہوں نے کہا کہ اگر 15 مارچ سے لاک ڈاؤن ہو جاتا تو تبلیغی جماعت والے مبلغین رائیونڈ سے نہ نکل پاتے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وائرس بیرون ملک سے آنے والے افراد کے ذریعے پاکستان میں پھیلا ہے مگر رائیونڈ میں ہونے والے اجتماع میں اس نے مقامی طور پر جس کسی کو متاثر کیا، وہ جب وہاں سے نکلا تو اس نے باقی لوگوں کو بھی متاثر کیا۔

کراچی میں 106 بستروں کا آئی سی یو بنانے کی ہدایت 

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے 6 اسپتالوں میں 104 بستروں پر مشتمل آئی سی یو قائم کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت صحت سے متعلق اجلاس ہوا جس میں مراد علی شاہ نے سول اسپتال میں 12 اور  جناح اسپتال میں 15 بستروں پر مشتمل آئی سی یو قائم کرنے کی ہدایت کی جب کہ لیاری جنرل اسپتال میں 18، ٹراما سینٹر میں 26، ڈاؤ اوجھا میں 8 اور سروسز اسپتال میں 25 بستروں پر مشتمل آئی سی یو قائم کرنے کی ہدایت کی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے 1200 بستروں پر مشتمل ایکسپو سینٹر میں بھی مریضوں کو منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

راشن کی تقسیم پر جھگڑا 

ٹھٹھہ کے ساحلی علاقہ بگھان میں راشن تقسیم کرنے کے دوران قطار توڑ کر راشن کے حصول کے لیے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے پر دو گرپوں میں تصادم شروع ہوگیا جس میں لاٹھیوں کے استعمال سے 18 افراد زخمی ہو گئے۔

موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے ہجوم کو منتشر کر کے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کر دیا۔

عالمی صورت حال

مہلک ترین کووڈ 19 وائرس نے دنیا بھر میں 12 لاکھ 78 ہزار سے زائد افراد کو بیمار کردیا ہے جبکہ ہلاکتیں 69 ہزار 456 تک پہنچ چکی ہے لیکن حوصلہ کن بات یہ ہے کہ 2 لاکھ 62 ہزار 486 کرونا مریض ڈاکٹروں کی جدوجہد کی بدولت صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

وائرس اسپین میں 12 ہزار 641 افراد کی جانیں نگل چکا ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 80 ہزار سے زائد ہے۔

اٹلی میں اب تک 15 ہزار 889 لوگوں کو ہلاک جبکہ ایک لاکھ 15 ہزار سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔

یورپی ممالک میں فرانس اور برطانیہ بھی وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہیں، فرانس میں وائرس نے 8078 جانیں نگلیں اور 68 ہزار سے زائد افراد کو مریض بنایا جبکہ برطانیہ میں اموات کی تعداد 3603 اور مریضوں کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

ایرانی ڈاکٹروں اور حکام نے وائرس کے پھیلاؤ پر تقریباً قابو پالیا ہے جس کے باعث وہاں ہلاکتوں کی شرح میں کمی آئی ہیں۔ اس کے باوجود وائرس نے 3603 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 34 ہزار سے افراد متاثر ہیں۔

چین نے وائرس پر کئی روز قبل ہی قابو پالیا تھا جس کے باعث وہاں اموات کی شرح تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے، چین میں 3331 افراد ہلاک جبکہ 1299 لوگ تاحال متاثر ہیں۔

جرمنی میں کرونا وائرس سے 1584 افراد ہلاک اور 69 ہزار سے زائد لوگ بیمار ہوگئے، کرونا وائرس نے بیلجیئم میں 1447، سوئٹزرلینڈ میں 715 اور ترکی میں 574 انسانی جانیں لیں جبکہ 25 ہزار سے زیادہ لوگوں کو متاثر کیا۔

وائرس برازیل میں بھی 487، سوئیڈن میں 401، پرتگال میں 295، کینیڈا میں 280، انڈونیشیا میں 198، جنوبی کوریا میں 186 جبکہ بھارت میں 3 افراد کو لقمہ اجل بنایا جبکہ 117 افراد متاثر ہیں۔

امریکا کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں سر فہرست ہے جہاں اب تک ساڑھے 9 ہزار سے زائد افراد ہلاک جبکہ 3 لاکھ 9 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here