کورونا وائرس: پاکستان میں37اموات، مریضوں کی تعداد 2631ہوگئی، 126 صحت یاب

وائرس کا شکار پہلے پاکستانی مریض نے پلازمہ عطیہ کردیا، چین پیسیو امیونائزیشن سے کورونا کے مریضوں کے علاج میں کامیابی،تین   مریض صحت یابی کےبعدگھرچلےگئے، دو  کی حالت بھی بہتر

789

لاہور: پاکستان میں مہلک کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 37 ہوگئی جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 2631 تک جا پہنچی ہے۔ وائرس کا شکار ہونے والے 126 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

پنجاب کورونا وائرس سے سب سے متاثرہ صوبہ ہے جہاں مریضوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 11 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 13، خیبرپختونخوا 9، گلگت بلتستان 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

ٹائیگر فورس میں تین لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ

جمعرات کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے اب تک 68 ہزار 334، پنجاب سے 3 لاکھ 56 ہزار 491، سندھ سے 78 ہزار 543، بلوچستان سے 5 ہزار 780، وفاقی دارالحکومت سے 8 ہزار 21، گلگت بلتستان سے 2 ہزار 211 اور آزاد جموں و کشمیر سے 5 ہزار 465 رضا کاروں نے رجسٹریشن کرا دی ہے جن کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 24 ہزار 845 بنتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: کورونا وائرس، لاک ڈائون سے پاکستان میں کساد بازاری کا خدشہ

رجسٹریشن کرانے والوں میں 5 لاکھ 10 ہزار 882 مرد، 13 ہزار 552 خواتین اور 411 دیگر شامل ہیں۔

کورونا کے پہلے پاکستانی مریض کا پلازمہ کا عطیہ

پاکستان میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے پہلے مریض یحییٰ جعفری نے اپنا پلازمہ  وائرس کے شکار مریضوں کے علاج کیلئے عطیہ کردیا۔

یہ بھی پڑھیے:کیا پاکستانیوں کے کورونا ٹیسٹ غیر تصدق شدہ کٹس سے ہو رہے ہیں؟

یحییٰ جعفری نے کہا کہ وائرس کچھ ہی عرصے میں تاریخ بن جائے گا لیکن ہماری کوششیں یاد رکھی جائیں گی۔

اس موقع پر ماہر امراض خون ڈاکٹر ثاقب انصاری نے بتایا کہ جو مشینیں ڈینگی کے علاج میں کام کرتی ہیں و ہی کورونا میں استعمال ہوتی ہیں۔ کورونا کے 90 فیصد متاثرین میں پلازمہ کی ضرورت نہیں پڑتی۔

ہوٹلز کو قرنطینہ میں تبدیل کرنے کے خلاف درخواست خارج

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کورونا ایمرجنسی میں تھری اور فور اسٹارز ہوٹلز کو قرنطینہ میں تبدیل کرنے کے خلاف درخواست خارج کر دی۔

 چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ آئینی ایمرجنسی بھی نافذ ہو جائے تب بھی بنیادی حقوق کومعطل نہیں کیا جا سکتا، جس پر جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ عوامی تحفظ کی بات ہو تو اس کے لیے حکومت میرا گھر بھی استعمال کر سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:کیا کورونا وائرس کرنسی نوٹوں سے بھی پھیل سکتا ہے؟

ہائیکورٹ نے درخواست خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ غیرمعمولی حالات میں انفرادی حقوق پر عوامی مفاد کو ترجیح حاصل ہے، کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اقدامات بلاشبہ عوام کے تحفظ کے لیے ہیں۔

پیسیو امیونائزیشن سے علاج

چین میں کورونا وائرس سے انتہائی بیمار 5 مریضوں کاعلاج پیسیو امیونائزیشن (Passive Immunization)  کے طریقے  سےکیا گیا جن میں سےتین  مریض صحت یابی کےبعدگھرچلےگئےجب کہ بقیہ دو  کی حالت بھی بہتر ہے۔

پیسیو امیونائزیشن میں کسی بیماری سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کے خون سے پلازمہ لے کر انہیں بیمار شخص میں منتقل کیا جاتا ہے جس کے باعث اس شخص کے جسم میں وائرس سے لڑنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: کساد بازاری سے ایشیاء میں ایک کروڑسے زائد لوگ خط غربت سے نیچے چلے جائیں گے: رپورٹ

غیر ملکی میڈیاکے مطابق  یہ آزمائش چین کے شہر شِنژن کے اسپتال میں 20 جنوری  سے 20 مارچ کے دوران کی گئی۔چینی سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ اس سے کورونا وائرس کی روک تھام اور علاج میں کافی مدد مل سکتی ہے۔

بیجنگ کی سِنگ ہو آ یونیورسٹی کے پروفیسر ژینگ لِنچ کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم نے جس طرح کی اینٹی باڈیز کی نشاندہی کی ہے انھیں ملاکر دوا کا استعمال تمام موجودہ طریقوں سے زیادہ موثر ثابت ہو سکتا ہے، ان طریقوں میں پلازما جیسے بارڈر لائن ٹریٹمنٹ بھی شامل ہیں۔

عالمی صورت حال

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے تعداد 50ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 10لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔

چین سے شروع ہونے والے کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب مرنے والوں کی تعداد 50ہزار کا ہندسہ عبور کر گئی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہوئی ہیں جہاں 13ہزار 915افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ اسپین میں بھی ہلاکتوں کی تعداد 10ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:لاک ڈاون کے باعث پاکستانی معیشت کو 30 ارب روپے کا نقصان

اسی طرح فرانس میں بھی اب تک 4ہزار سے زائد افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں جبکہ برطانیہ میں بھی تقریباً 3ہزار ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

دنیا بھر میں سب سے زیادہ بڑی تعداد میں لوگ امریکا میں متاثر ہوئے ہیں جہاں 2لاکھ 26ہزر میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 5ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

اسپین اور اٹلی میں بھی متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 10ہزار کی حد عبور کر چکی ہے جبکہ جرمنی، فرانس اور برطانیہ سمیت یورپ بھر میں وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here