ٹیلی کام مصنوعات کی درآمدات میں 29 فیصد، موبائل فونز کی درآمد میں 81 فیصد اضافہ

697

اسلام آباد: رواں مالی سال کے دوران ٹیلی کام کی مصنوعات کی درآمدات میں 29.19 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی8 ماہ کے دوران ٹیلی کام مصنوعات کی درآمدات 1.167 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا فروری 2018-19ء کے دوران درآمدات کا حجم 904.020 ملین ڈالر رہا تھا۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ٹیلی کام مصنوعات کی ملکی درآمدات میں 262.980 ملین ڈالر یعنی 29 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

Infinix کا ‘‘میڈ اِن پاکستان ’’ سمارٹ فونز متعارف کرانے کا اعلان

پاکستان موبائل فون درآمد کرنے والا دنیا کا ساتواں بڑا ملک، صارفین 164 ملین ہو گئے

75 فیصد پاکستانی موبائل فون ، 35 فیصد انٹرنیٹ، 17فیصد سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں: رپورٹ

سام سنگ ایپل کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار، چوکور شکل کے فولڈ ایبل موبائل فونز متعارف کروا دیئے

پی بی ایس کے مطابق فروری 2020 ء کے دوران ٹیلی کام مصنوعات کی درآمدات میں 15.10 فیصد کے اضافہ سے درآمدات کا حجم 138.775 ملین ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ فروری 2019ء کے دوران 120.568 ملین ڈالر کی مصنوعات درآمد کی گئی تھیں۔

اس طرح فروری 2019ء کے مقابلہ میں فروری 2020ء کے دوران ٹیلی کام مصنوعات کی ملکی درآمدات میں 18.207 ملین ڈالر یعنی 15.10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی بی ایس کے مطابق جولائی تا فروری 2019-20ء کے دوران موبائل فونز کی درآمدات 81 فیصد تک بڑھ گئیں اور اس دوران 865.169 ملین ڈالر مالیت کے موبائل فون درآمد کئے گئے ہیں جبکہ جولائی تا فروری 2018-19ء کے عرصہ میں موبائل فونز کی درآمدات 478.135 ملین ڈالر رہی تھیں۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران موبائل فون سیٹوں کی قومی درآمدات میں 81 فیصد یعنی 387.034 ملین ڈالر کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here