غیر یقینی بڑھنے سے ٹیکنالوجی کمپنیاں ملازمین کو نکالنے لگیں، تنخواہوں میں بھی کٹوتیاں

KeepTruckinکے پاکستان میں 349 ملازمین فارغ، نارتھ بے سلیوشنز کا 25 فیصد، زمین ڈاٹ کام کا 10 فیصد اور نیٹ سول کا 30 فیصد تنخواہوں میں کٹوتی کرنے کا فیصلہ

922

لاہور: کورونا وائرس اور لاک ڈائون کی وجہ سے ہر قسم کا کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے اور عالمی سطح پر غیر یقینی کی فضا برقرار ہے، ایسے میں ٹیکنالوجی کمپنیوں اور سافٹ وئیر ہائوسز نے اپنی افرادی قوت میں کمی لانے اور تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے۔

31 مارچ کو پاکستان میں کام کرنے والی ایک امریکی ٹیکنالوجی کمپنی KeepTruckin نے اپنے 349 ملازمین کو فارغ  کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ تعداد کمپنی کی کل افرادی قوت کے 18 فیصد کے برابر ہے۔ لاہور اور اسلام آباد میں کام کرنے والی KeepTruckin کے مطابق حالیہ عرصے میں شمالی امریکا میں اسکے کسٹمرز کی تعداد میں کمی ہوئی ہے اس لیے ملازمین کو فارغ کیا گیا ہے۔

ملازمین کو ایک خط میں بتایا گیا ہے کہ سالانہ  50 ہزار ڈالر کمانے والوں کی تنخواہ میں 10 فیصد کٹوتی کی جائے گی جبکہ کمپنی کے دو شریک بانیوں کی تنخواہ میں 50 فیصد کٹوتی کی جائےگی، اسی طرح سی ای او شعیب ماکانی نے کہا ہے کہ وہ بحران ختم ہونے تک تنخواہ نہیں لیں گے۔

یہ بھی پڑھیے:

کورونا ، عالمی کمپنیوں کا ٹیکنالوجی کی مد میں اخراجات 4.1 فیصد کم کرنے کا فیصلہ

کورونا وائرس سے عالمی معیشت کو نقصان، لیکن ٹیکنالوجی کمپنیوں کے وارے نیارے

اسرائیل دہشتگردوں کی ٹریکنگ کیلئے استعمال ہونے والی جاسوس ٹیکنالوجی سے کورونا وائرس کے مریضوں کی نگرانی کرے گا

حالیہ  صورت حال میں یہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ کچھ کمپنیاں ملازمین کی تعداد میں کمی کرکے کام چلا رہی ہیں جبکہ اکثر کمپنیاں ملازمین کو نکالنے کی بجائے تنخواہوں میں کمی کر رہی ہیں۔

31 مارچ کو کراچی میں کام کرنے والے سافٹ وئیر ہائوس کیوبکس (Cubix ) نے کورونا وائرس اور لاک ڈائون کو بہانہ بنا کر اپنے 50 فیصد ملازمین کو فارغ کردیا، ملازمین کو ہنگامی طور پر ایک اجلاس میں بلا کر برطرفی کا پروانہ تھما دیا گیا۔

اسی طرح کراچی کی ایک کمپنی ٹی پی ایس (TPS) نے ملازمین کو مشکل وقت میں نکالنے کی بجائے تنخواہوں میں کٹوتی کی ہے۔

لاہور مین کام کرنے والی نارتھ بے سلیوشنز (NorthBay Solutions) نے 25  فیصد تنخواہیں کاٹنے کا عندیہ دیا ہے جبکہ رپورٹس کے مطابق پاکستان میں پراپرٹی کی نمایاں ترین کمپنی زمین ڈاٹ کام نے بھی ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد تک کٹوتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حال ہی میں مشہور سافٹ وئیر کمپنی نیٹ سول ٹیکنالوجیز نے اپنے متعدد ملازمین کو فارغ کرنے اور 20 سے 30 فیصد تک تنخواہوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔

ملازمین کو بھیجی گئی ای میل میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ نے یکم اپریل 2020 سے کمپنی کے اخراجات میں کمی لانے کا فیصلہ کیا ہے اس لیے ڈیڑھ لاکھ سے اوپر تنخواہ پانے والوں کو کٹوتی کا سامنا کرنے پڑے گا۔

ورلڈ کری ایٹو سلیوشنز نے بھی اپنے ملازمین کو رواں ماہ کے آخر تک فارغ کرنے کا عندیہ دیا ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورت حال کے باعث ان کے کلائنٹس نئے پروجیکٹ نہیں دے رہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here