خیبرپختونخواہ میں آٹا بحران ، 20 کلو کا تھیلا 1300 روپے کا ہوگیا

بحران سندھ سے گندم کی منتقلی پر پابندی کی وجہ سے پیدا ہوا، 13 ہزار ٹن ضرورت سپلائی 6 ہزار مل رہی ہے، 12ہزار ملازمین کی نوکریوں پر تلوار لٹکنے لگی: فلور ملز مالکان

895

پشاور: کورونا وائرس لاک ڈاون کے باعث خیبر پختون خواہ میں فلور ملوں کو گندم کی سپلائی متاثر ہونے کی وجہ سے آٹے کے 20 کلو والے تھیلے کی قیمت 1300 روپے ہوگئی ہے۔

پاکستان فلور ملز ایسوسی  ایشن خیبر پختون خواہ گروپ کے سربراہ محمد نعیم بٹ نے پرافٹ اردو کو بتایا کہ حکومت فلور ملوں کو گندم کی ضرورت کےمطابق فراہمی میں ناکام ہوچکی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ صوبے کی 200 فلور ملوں کی ڈیمانڈ 13 ہزار ٹن ہے جبکہ حکومت کی جانب سے صرف 6 ہزار ٹن گندم فراہم کی جارہی ہے۔

لاک ڈاون سے پہلے کے پی حکومت کی جانب سے ملوں کو 5 ہزار ٹن گندم فراہم کی جارہی تھی اور صوبے میں آٹے اور گندم کی سپلائی 7 ہزار ٹَن تھی مگر اب سپلائی رک گئی ہے جس کی وجہ سےبحران پیدا ہوگیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ یہ بحران سندھ حکومت کی جانب سے گندم کی دوسرے صوبوں کو منتقلی پر پابندی کے باعث پیدا ہوا ہے جہاں کسان کے پاس گندم موجود ہے مگر  اسے کسی دوسرے صوبے میں منتقل نہیں کیا جاسکتا۔

یہ بھی پڑھیے:

حکومت کا 25 ہزار سے کم آمدن والے افراد کو راشن خریداری میں معاونت کرنے کا اعلان

بارشوں سےپنجاب میں  گندم کی فصل متاثر، پیداوار 25.2 ملین ٹن رہنے کی توقع

کورونا وائرس، سندھ میں لاک ڈاؤن کے باعث ٹرانسپورٹ بند، کسانوں کو گندم خریداری سینٹرز تک لے جانے میں مشکلات

انکا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو اس پابندی سے خیبر پختونخواہ کے شدید متاثر ہونے بارے آگاہ کیا گیا تھا اور معاملہ سندھ حکومت کیساتھ اُٹھانے کی درخواست کی گئی تھی ۔

انہوں نے آگاہ کیا کہ سندھ میں خیبر پختون خواہ کے مل مالکان کی جانب سے گندم خرید لی گئی ہے مگر سندھ حکومت ٹرکوں کو کے پی روانگی کی اجازت نہیں دے رہی۔

انہوں نے اجازت ملنے کی صورت میں آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت دوبارہ 950 روپے کرنے کی نوید بھی سنائی ۔

انکا کہنا تھا کہ مل مالکان نے حکومت سے اپیل کی تھی کہ کم از کم ایک شفٹ چلانے کےلیے ہی درکار گندم فراہم کردی جائے لیکن اس پر کان نہیں دھرے گے اور بحران کو پیدا ہونے دیا گیا جس کے باعث ملازمین کی نوکریوں پر بھی تلوار لٹکنے لگی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کے پی حکومت آٹے کے ہر 20 کلو والے تھیلے پر 150 روپے چارج کرتی ہے جبکہ صوبے میں 20 کلو والے آٹے کے تھیلے کی قیمت 768 روپے رکھی گئی ہے لہذا عوام کے لیے آٹا سرکاری نرخ پر دستیاب نہیں ہے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ بحران کے باعث فلور ملوں کے 12 ہزار ملازمین کی نوکریاں خطرے میں پڑ گئیں ہیں ۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here