کورونا، برآمدات پچاس فیصد سے زائد متاثرہونے پر اپٹما نے حکومت سےمدد مانگ لی

قرضوں و سود کی ادائیگی موخر، ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں مدد، یوٹیلٹی بلوں کی ادائیگی تین ماہ کے لیے موخراور سیلز ٹیکس ریفنڈ کی کی جلد ادائیگی کا مطالبہ

728
ٹیکسٹائل ایکسپورٹس

لاہور: کورونا وائرس کے باعث برآمدات پچاس فیصد تک گر جانے کے خدشے کے تحت اپٹما نے حکومت سے قرضوں پر سود منجمد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپٹما پنجاب کے صدرعادل بشیر کی جانب سے جاری بیان میں مرکزی بنک پر زور دیا گیا ہے کہ بنکوں کو قرضوں پر سود تین ماہ یعنی اپریل سے جون تک  کے لیے معطل کرنے کی ہدایت کی جائے۔

انکا کہنا تھا کہ حکومت کو قرضوں کی ادائیگی ایک سال تک موخر کرنے،  پیدوار کے دوبارہ آغاز اور نوکریوں کے تحفظ کے لیے ہر صورت اقدامات کرنا چاہیے۔

اپٹما پنجاب کے صدر کی جانب سے صوبائی  اور ضلعی سطح پر ملوں میں پیداوار کے عمل کی نگرانی کے لیے مانیٹرنگ کمیٹی بنانے کی تجویز بھی دی گئی ۔

یہ بھی پڑھیے:

عالمی وبا کے باعث سودے منسوخ، بنگلہ دیش کی ٹیکسٹائل برآمدات کو چھ ارب ڈالر کا نقصان

ٹیکسٹائل برآمدکنندگان کا فیکٹریاں کھلی رکھنے کیلئے خصوصی اجازت دینے کا مطالبہ

کورونا وائرس کے اثرات، آئندہ تین ماہ کیلئے کوئی آرڈرز نہیں، آمدنی متاثر، ٹیکسٹائل مل مالکان حکومتی امداد کے منتظر

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹیکسٹائل ملوں کی یوٹیلٹی بلوں کی ادائیگی کو تین ماہ کے لیے موخر کیا جائے اور ایف بی آر  کو برآمد کنندگان کے سیلز ٹیکس ریفنڈ کی جلد ادائیگی کی ہدایت کی جائے۔

انکا کہنا تھا کہ لاک ڈاون ایک ماہ تک جاری رہنے کی صورت میں حکومت کو اپنے زیر انتظام اداروں جیسا کہ سوشل سیکیورٹی فنڈ، ای او بی آئی ، ورکرز ویلفئر فنڈ کے ذریعے تنخواہوں کا بوجھ اُٹھانے میں حصہ دار بننا چاہیے۔

انہوں نےکہا کہ ٹیکسٹائل کے بڑے خریداروں نے کورونا وائرس کے باعث اپنے سٹورز بند کردیے ہیں اور اندازوں کے مطابق  پچاس فیصد سے زائد آرڈر جو کہ اگلے تیس دنوں میں ڈلیور ہونا تھے وہ موخر یا منسوخ ہوچکے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ کہ یہ صورتحال انڈسٹری کے کیش فلو کو متاثر کر رہی ہے جسکی وجہ سے ملازمین کی تعداد میں کمی کا دباو بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات کو نقصان پہنچنے کے علاوہ کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاون نے مقامی تجارت کو بھی خرید و فروخت کےمراکز بند ہونے کی وجہ سے شدید متاثر کیا ہے۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا ہے حکومت برآمدات کے وسیع تر مفاد، ملک میں سرمایہ کاری اور روزگار کے لیے ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مسائل بغیر کسی تاخیر کے حل کرے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here