سٹاک مارکیٹ، کے ایس 100 انڈیکس میں 839 پوائنٹس اضافہ، 31 ہزار کی حد عبور کر گیا

704

کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں رواں کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی کاروبار میں مثبت رجحان کا تسلسل برقرار رہا اور کے ایس آئی 100 انڈیکس میں 839 پوائنٹس اضافہ سے انڈیکس 31 ہزار 817 پوائنٹس پر بند ہوا۔

سٹاک مارکیٹ میں لاک ڈاؤن کے باوجود مثبت رجحان دیکھنے میں آرہا ہے جس سے سرمایہ کاروں کا کھویا ہوا اعتماد بھی بحال ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز 18 کروڑ 64 لاکھ سے زائد شیئرز کی خرید و فروخت ہوئی جس کی مالیت 8 ارب 51 کروڑ روپے سے زائد رہی۔

جمہ کے کاروباری روز کا آغاز 30 ہزار 782 پوائنٹس پر ہوا تو کاروبار میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا تھا، 100 انڈیکس کی کم ترین سطح 30 ہزار 782 پوائنٹس رہی جبکہ زیادہ سے زیادہ انڈیکس 31 ہزار 817 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ چار دن میں 100 انڈیکس میں 3 ہزار 598 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیاجاچکا ہے۔ یاد رہے تجزیہ کاروں نے اس سے قبل سٹاک مارکیٹ میں گراوٹ کی وجہ کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال قرار دیا تھا لیکن سٹاک مارکیٹ کی وبا کے دنوں میں بھی رواں ہفتے کارکردگی غیر معمولی رہی ہے۔

دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بینک کی سالانہ آؤٹ لک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران  پاکستان میں مہنگائی کی شرح 11.5 فیصد رہے گی یعنی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا جبکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 9.8 فیصد کمی کا اندازہ لگایا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ 2020 میں پاکستان کی معیشت دباؤ میں رہے گی جبکہ اقتصادی ترقی کی شرح 2.6 فیصد رہے گی۔

جمعہ کے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں 16 پیسے کمی کے سبب ڈالر 166.92 روپے سے کم ہو کر 166.76 روپے تک آ گیا ہے۔

گزشتہ کاروباری روز کے دوران بھی ڈالر کی قیمت میں 13 پیسے کمی ہوئی تھی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here