سیؤل: جنوبی کوریا کی موٹر ساز کمپنی ہنڈائی نے ملک اور دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باوجود اپنی تمام نئی جینیسز جی 80 سیڈان گاڑیاں ملکی مارکیٹ میں لانچ کردیں۔
کمپنی کی جانب سے گزشتہ روز جاری بیان کے مطابق ہنڈائی انڈیپنڈنٹ جینیسز برانڈ کے تحت تین قسم کی تھرڈ جنریشن جی 80 سیڈان گاڑیاں لانچ کی گئی ہیں۔
ان میں 2.5 لیٹر گیسولین ٹربو، 3.5 لیٹر گیسولین ٹربو اور 2.2 لیٹر ڈیزل انجن شامل ہیں۔
پٹرول سے چلنے والے ماڈلز دو ایندھن سسٹم پر مبنی ہیں جبکہ ڈیزل ماڈل کی گاڑی ایک لیٹر سے 14.6 کلومیٹرسفر کرسکتی ہے۔
واضح رہے کہ ہنڈائی نے نئی گاڑیاں ایک ایسے وقت میں متعارف کرائی ہیں جب کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر کی آٹو انڈسٹری کو جزوی بندش کا سامنا ہے۔
حال ہی میں گاڑیاں بنانے والی معروف کمپنی سوزوکی موٹرز نے جاپان میں اپنی گاڑیوں کی پروڈکشن بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پیداوار کی یہ بندش یکم سے تین اپریل تک کے لیے ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاون کے باعث وہ بیرون ملک سے پارٹس نہیں خرید پا رہی جس سبب فیصلہ کیا گیا ہے کہ پراڈکشن کو کچھ عرصہ کے لیے بند کردیا جائے۔
اس سے قبل جاپانی آٹو میکر ہنڈا نے پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر ملک بھر میں اپنے تمام فیکٹریاں، ریجنل دفاتر اور شو رومز اگلے حکم نامے تک بند کردیے ہیں۔