اسلام آباد:پاکستان میں موبائل فونز کے صارفین کی تعداد 164 ملین سے تجاوز کر چکی ہے، پاکستان موبائل فون سیٹ درآمد کرنے والا دنیا کا ساتواں بڑا ملک ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی رپورٹ کے مطابق سال 2015ء میں موبائل فون صارفین کی عداد 114 ملین تھی جن میں تھری اور فور جی صارفین کی تعداد 46 ملین جبکہ ٹو جی صارفین کی تعداد 68 ملین تھی۔
موبائل فونز کی صنعت سے وابستہ مقامی اداروں کے اعداد و شمار کے مطابق اتنی بڑی مارکیٹ رکھنے والے ملک کو کوئی عالمی برانڈ بھی نظر انداز نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹو، تھری اور فور جی موبائل فونز کی سالانہ طلب 34 ملین یونٹس ہے۔
موبائل فونز کی اندرون ملک تیاری سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ کی بچت کی جا سکتی ہے بلکہ اس سے لاکھوں ہنرمند نوجوانوں کو روزگار کے پرکشش مواقع بھی فراہم کئے جا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اب تک 24 کمپنیوں کو اندرون ملک موبائل فونز کی اسمبلنگ کی اجازت دی ہے۔
پاکستان اور چین کی کمپنیوں نے مشترکہ منصوبہ کے تحت اندرون ملک تھری جی اور فور جی موبائلز کی تیاری شروع کر دی ہے۔
چین کی کمپنی ٹرانسلیشن ہولڈنگز اور پاکستان کے ٹیکنو گروپ نے ٹرانسلیشن ٹیکنو الیکٹرانکس لمیٹڈ (ٹی ٹی ای) کے نام سے ایک مشترکہ کمپنی قائم کی ہے جس میں پاکستانی کمپنی کے 60 فیصد جبکہ چینی کمپنی کے 40 فیصد حصص ہیں۔