لاہور: کورونا وائرس اور لاک ڈائون کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں کمپنیوں اور کاروباروں کو عارضی بندش کا سامنا ہے اور اکثر ادارے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کر چکے ہیں۔
اب پاکستان میں ٹیکسٹائل سیکٹر کے نمایاں ادارے نشاط ملز لمیٹڈ نے بھی کورونا وائرس کے پھیلائو کے خدشات کے پیش نظر عارضی طور پر اپنے تمام پلانٹس فوری بند کردئیے ہیں۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج کو لکھے گئے خط میں نشاط ملز لمیٹڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پلانٹس کی بندش کا فیصلہ کورونا وائرس کے باعث حالیہ ملکی اور عالمی صورت حال اور لاک ڈائون کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ٹریکٹر بنانے والی پاکستانی کمپنی ملت ٹریکٹرز نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ اپنا پروڈکشن پلانٹ اور دفاتر لاک ڈائون کی مدت ختم ہونے تک بند کر رہے ہیں۔
سٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ بیان میں ملت ٹریکٹرز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جب حکومت لاک ڈائون ختم کرنے کا اعلان کرے گی تو ہم دوبارہ کام شروع کردیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کام کرنے والی آٹو کمپنیاں بھی اپنے پروڈکشن پلانٹس اور دفاتر بند کرنے کا اعلان کرچکی ہیں۔
اس وقت چاروں صوبوں، وفاقی دارالحکومت، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کہیں جزوی تو کہیں مکمل لاک ڈائون کیا گیا ہے اور صرف میڈیکل سٹورزاور اشیائے خورونوش کی دکانیں کھولنے کی اجازت ہے۔
کورونا وائرس کے باعث پاکستان میں پاکستان میں اموات کی تعداد 19 تک پہنچ گئی ہے جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد بھی بڑھ کر 1670 ہو گئی ہے۔ وائرس سے اب تک 51 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔