لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک روز میں چار افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جس سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی ہےجبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 1577 تک جا پہنچی ہے۔
مہلک وائرس سے سندھ میں 2 افراد جان کی بازی ہارگئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی طور پر تیسری ہلاکت ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں بھی ایک شخص جاں بحق ہوا اور یہ صوبے میں 5 ویں موت ہے۔
اس کے علاوہ آج(ہفتہ) چوتھی ہلاکت گلگت بلستان میں ہوئی جہاں محکمہ صحت کا ملازم مہلک وائرس کا شکار بن گیا اور یہ گلگت میں مہلک وائرس سے دوسری موت ہے۔
آج اب تک ملک میں 77 نئے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے سندھ میں 33، پنجاب میں 13، گلگت بلتستان میں 16، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں 4، 4 جبکہ بلوچستان میں 3 مریضوں میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔
نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1577 تک جاپہنچی ہے جبکہ پاکستان میں مہلک وائرس سے متاثرہ 31 افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان، 5 کا پنجاب سے ہے جب کہ اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے بھی 2، 2 افراد صحت مند ہوچکے ہیں۔
ملک بھر میں جراثیم کش اسپرے کرانے کا اعلان
نیشنل ڈیزاسٹر میمنجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے آج سے ملک بھر کے متاثرہ علاقوں میں جراثیم کش اسپرے کرانے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کے مشتبہ افراد کی تعداد بارہ ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں تخمینوں سے بہت کم کیسز ہیں، ان اقدامات پر سختی سے عمل کریں اور لوگ اناحتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہوں گے تو یقیناً کیسز کی تعداد ان تخمینوں سے کم ہوں گے لیکن اس پر عمل نہیں کیا گیا تو کیسزکی تعداد اچانک بہت بڑھ بھی سکتی ہے۔
رائے ونڈ، تبلیغی مرکز میں 27 اراکین میں وائرس کی تصدیق
رائے ونڈ تبلیغی مرکز میں 27 تبلیغی جماعت کے اراکین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

لاہور ڈپٹی کمشنر دانش افضل نے بتایا کہ مرکز میں تقریباً 12 سو افراد لاک ڈاؤن میں ہیں اور ان تمام افراد کا طبی ٹیسٹ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ تقریباً 500 غیر ملکی تبلیغی اراکین ہیں۔
سکھر میں 44 غیرملکی تبلیغی مرکز میں قرنطینہ کردیے گئے
سکھر میں تبلیغی جماعت کے مرکز میں مزید 44 غیر ملکیوں کو قرنطینہ کردیا گیا، جس کے بعد وہاں قرنطینہ کیے گئے غیرملکیوں کی تعداد 68 ہوگئی ہے۔اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے حکام نے تصدیق کی اور بتایا کہ ان افراد کو قرنطینہ کیا گیا۔
یہ غیرملکی صوبے کے مختلف علاقوں میں تبلیغ کے لیے آئے ہوئے تھے اور ان کا تعلق انڈونیشیا، نائجیریا، تیونس، افغانستان اور دیگر ممالک سے ہے۔
تمام شاہراہیں کھولنے، مال گاڑیاں چلانے کا فیصلہ
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کورکمیٹی اجلاس میں ہائی ویز سمیت تمام شاہراہیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔
