سی این جی ڈیلرز کو بندش کا خدشہ، خصوصی ریلیف پیکیج کا مطالبہ

754

پشاور: سی این جی سٹیشنز کے مالکان اور ڈیلرز نے حکومت سے سیکٹر کے لیے خصوصی  معاشی ریلیف پیکیج جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے کیوں کہ یہ ملک میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث بدترین حالات کا سامنا کر رہا ہے۔

سرحد ایوانِ صنعت و تجارت کے صدر انجینئر مقصود پرویز کے ساتھ  ویڈیو لنک اجلاس میں سی این جی مالکان نے کہا کہ خصوصی ریلیف پیکیج کے تحت حکومت ملک بھر میں گیس ٹیرف 780 ایم ایم بی ٹی یو کرے کیوں کہ یہ ریٹ سی این جی اور پیٹرول کے درمیان برابری لانے میں مددگار ثابت ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت گیس کی قیمت پر ہی 17 فی صد سیلز ٹیکس وصول کرے جب کہ انکم ٹیکس پر عائد چار فی صد ٹیکس معاف کیا جائے۔

مزید پڑھیں: کورونا ریلیف پیکیج کی فراہمی یقینی بنائیں گے، گیس ٹیرف میں اضافہ نہیں کیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان

سی این جی سیکٹر کے نمائندگان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اگلے مہینے کا گیس بل چار قسطوں میں ادا کرنے کی اجازت دے تاکہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث سی این جی کی صنعت کو بچایا جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی این جی سیکٹر کے لیے خصوصی معاشی ریلیف پیکیج کا فی الفور اعلان نہایت اہم ہے تاکہ ان کا کاروبار بند نہ ہو۔

 سرحد ایوان صنعت و تجارت کے صدر انجینئر مقصود پرویز نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کے باعث لازمی طور پر عوام اور صنعتوں کو ریلیف حاصل ہو گا۔

مزید پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار، پنجاب، اسلام آباد میں سی این جی 9 روپے سستی

تاہم، انہوں نے زور دیا کہ حکومت لازمی طور پر گیس ٹیرف میں کمی کرے اور سی این جی سیکٹر کو خصوص معاشی ریلیف پیکیج کے ذریعے انکم و سیلز ٹیکسز کی ادائیگی سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی این جی کی غیر معمولی قیمتوں کے باعث اس کے اثرات عوام پر بھی مرتب ہوں گے کیوں کہ پبلک ٹرانسپورٹ کی اکثریت سی این جی پر چل رہی ہے۔ ہم انہی وجوہ کے باعث وزیراعظم عمران خان پر زور دیتے ہیں کہ وہ کورونا وائرس کے باعث اس اہم سیکٹر کو بچانے کے لیے خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کریں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here