سوزوکی کا جاپان میں پروڈکشن بند کرنے کا اعلان

پیداوار کی بندش کا فیصلہ کورونا وائرس لاک ڈاون کے باعث کمپنی کو پرزوں کی خریداری میں مشکلات کی وجہ سے کیا گیا، پاکستان میں بھی فیکٹری بند

790

ٹوکیو: کورونا وائرس نے دنیا بھر میں جہاں انسانوں کی زندگی کو شدید خطرات سے دوچار کردیا ہے وہیں اس نے کاروباروں کو بھی متاثر کرنا شروع کردیا ہے۔

مہلک وائرس کے باعث لاک ڈاون کی وجہ سے صنعتوں کو کاروبارچلانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

تازہ خبر جاپان سے آئی ہے جہاں گاڑیاں بنانے والی معروف کمپنی سوزوکی موٹرز نے جاپان میں اپنی گاڑیوں کی پروڈکشن بند کرنے کاعلان کیا ہے۔

پیداوار کی یہ بندش یکم سے تین اپریل تک کے لیے ہے۔

جاری کردہ بیان میں کمپنی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاون کے باعث وہ بیرون ملک سے پارٹس نہیں خرید پا رہی جس  سبب فیصلہ کیا گیا ہے کہ پراڈکشن کو کچھ عرصہ کے لیے بند کردیا جائے۔

اس سے قبل  جاپانی آٹو میکر ہنڈا نے پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر ملک بھر میں اپنے تمام فیکٹریاں، ریجنل دفاتر اور شو رومز اگلے حکم نامے تک بند کردیے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے  اسٹاک مارکیٹ کوجاری کیے جانے والے بیان کے مطابق ایسا حکومت کی جانب سے جاری ہونے والی لاک ڈاون کی ہدایت کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

پاک سوزوکی موٹرز کمپنی لمیٹد (پی ایس ایم سی) نے بھی پاکستان میں اپنی فیکٹری اور تمام شو رومز تاحکمِ ثانی بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

سوزوکی نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بتایا کہ “ہم کورونا وائرس کو روکنے کے لیے حکومت کی جانب سے لاک ڈائون کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور اس مشکل وقت میں قوم کے ساتھ ہیں”۔

سندھ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے نفاذ کے باعث انڈس موٹرز کمپنی لمیٹڈ (پی ایس ایم ایل)اور یاماہا موٹرز پاکستان (وائے ایم پی) نے بھی اپنے شورومز بند کر دیے ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here