کیلی فورنیا: گوگل نے کورونا وائرس سے نمٹنے کی عالمی کوششوں کا حصہ بنتے ہوئے 80 کروڑ (800 ملین) ڈالر عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
گوگل کی پیرنٹ کمپنی ایلفابیٹ انکارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سندر پچائی نے سماجی رابطوں کنے اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ ان کی کمپنی حکومتوں، ہیلتھ آرگنائزیشن اور چھوٹے بڑے کاروباروں کو کورونا وائرس سے مقابلے کے لیے طبی سامان کی پیداوار کے لیے 800 ملین کے ایڈ (اشتہار)کریڈٹس بطور فنڈز عطیہ کرے گی۔
سندر پچائی نے کہا کہ کمپنی میگٹ گلو اینڈ سیفٹی کے ساتھ ملکر دو سے تین ملین میڈیکل ماسکس کی مینوفیکچرنگ کے لیے کام کر رہی ہے۔
ایلفا بیٹ انسانی جانوں کو بچانے والے میڈیکل آلات اور پرسنل پروٹیکٹو ایکوپمنٹ کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے مالی امداد کی بھی کوششیں کرے گی۔
دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے لگ بھگ 25 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں، دنیا بھر کے نظامِ صحت مفلوج ہونے کے ساتھ ساتھ میڈیکل آلات، ماسکس اور وینٹی لیٹرز کی قلت بھی ہو گئی ہے۔
سی ای او ایلفا بیٹ سندر پچائی نے اپنی بلاگ پوسٹ میں کہا کہ کمپنی اپنے پلیٹ فارم سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے متحرک کاروباروں کو 340 ملین ڈالر گوگل ایڈ کریڈٹس فراہم کرے گی اور 250 ملین ڈالر کی ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور دیگر حکومتی ایجنسیوں کو ایڈ گرانٹ عطیہ کرے گی۔