اسلام آباد: کابینہ کمیٹی برائے توانائی (سی سی او ای) نے متعلقہ وزارت سے کہا ہے کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی قومی سٹوریج کی استعداد بڑھانے کے لیے ناگزیر اقدامات کرے۔
وفاقی وزیر برائے توانائی و منصوبہ مندی اسد عمر نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کی صدارت کی جس نے سنٹرل پاور پرچیزنگ اتھارٹی (سی پی پی اے) کا تجارتی بنیادوں پر توانائی کی نئی مسابقتی منڈی متعارف کروانے کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لیا۔
کمیٹی کو نئی مارکیٹ سسٹم پر ہونے والی پیشرفت کے لیے درکار مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا جس پر مقرر کردہ وقت کے مطابق کام جاری ہے۔ اتھارٹی نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کو مزید اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا جن پر کام جاری ہے۔
کمیٹی نے وقت پر اصلاحاتی عمل مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ تمام سٹیک ہولڈرز بشمول انرجی مارکیٹ میں شامل شرکت کنندگان کی رائے کا حصول یقینی بنائے۔
کمیٹی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان کی انرجی مارکیٹ میں مسابقتی دوطرفہ ٹریڈنگ سسٹم پر عملدرآمد کے تناظر میں پیشرفت کے بارے میں آگاہ کریں۔