لاہور: دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر وزیراعظم عمران خان کے ترقی پذیر ملکوں کو قرضو ں میں رعایت دینے اور بحالی کے عمل میں مدد کے مطالبے کو دہرایا ہے تاکہ وہ زندگیاں بچانے کے لیے اپنے وسائل استعمال کر سکیں اور اپنی معیشت کو بچا سکیں۔
انہوں نے اطالوی ہم منصب لوئیجی ڈی مایو سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے اٹلی کے ساتھ اپنی غیرمعمولی یکجہتی کا اظہار کیا جہاں اموات کی تعداد 8000 سے تجاوز کر چکی ہے۔ وزیر خارجہ نے اٹلی کے ہیلتھ کیئر پرووائیڈرز کی جرات اور بہادری کو سراہا اور اس مشکل وقت میں پاکستان کی جانب سے غیرمعمولی یکجہتی کا یقین دلایا۔