اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت رواں سال ریکارڈ 280 ارب روپے کی گندم خریدے گی۔
انہوں نے ایک نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت رواں سال گندم کی ریکارڈ خریداری کرنے جا رہی ہے جس کے باعث مارکیٹ میں 280 ارب روپے شامل ہوں گے جس سے لیکویڈیٹی کے مسائل حل ہوں گے۔
انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کورونا وائرس کے بحران کے باعث اعلان کیے گئے معاشی پیکیج پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس پیکیج سے ان دیہاڑی دار مزدوروں کو مدد حاصل ہو گی جو ملک میں لاک ڈائون کے عرصہ کے دوران گزر بسر کرنے کے قابل نہیں ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پیکیج میں ان برآمدکنندگان کو بھی ترجیح دی گئی ہے جن کی لیکویڈیٹی عالمی معاشی سست روی کے باعث متاثر ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت تعمیراتی صنعت کے لیے ایک یا دو ہفتوں میں الگ سے ایک اور پیکیج کا اعلان کرے گی۔
انہوں نے شرح سود میں کمی کو خوش آمدید کہا تاہم ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ وہ ذاتی طور پر یہ یقین رکھتے ہیں کہ شرح سود میں مزید کمی کی گنجائش موجود تھی۔
اسد عمر نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ خزانہ نے ترقیاتی اخراجات پر قابو پانے کے لیے پی ایس ڈی پی پر معاشی سال 20-2019 کی آخری سہ ماہی میں عائد کی گئی حد ختم کر دی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزارت کی جانب سے عائد کی گئی حد ختم کیے جانے کے بعد ممکنہ طور پر پی ایس ڈی پی کے تحت مختص کی گئی تمام رقم منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔