کورونا وائرس سے خواتین کی نسبت مرد 50 فیصد زیادہ کیوں مر رہے ہیں؟

عورتوں میں ماں بننے کی صلاحیت کے باعث بہتر قوت مدافعت کم اموت جبکہ مردوں میں تمباکو نوشی اور شراب نوشی زیادہ ہلاکتوں کی وجہ قرار

791

واشنگٹن: کورونا وائرس کے سامنے آنے والے اعدادوشمار سے معلوم ہوتا ہے یہ خواتین کی نسبت مردوں کے لیے زیادہ مہلک ہے، ماہرین کہتے ہیں اسکی وجہ شراب نوشی، سگریٹ نوشی اور عمومی خرابی صحت ہوسکتی ہے۔

اٹلی میں ایسے افراد جن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ان میں 60 فیصد مرد تھے جبکہ اٹلی میں اس وائرس سے جان کی بازی ہارنے والے افراد میں 70 فیصد مرد تھے۔

اسی طرح جنوبی افریقہ میں خواتین کی نسبت مردوں کی زیادہ تعداد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور مرنے والوں میں سے 54 فیصد مرد ہیں۔

امریکہ میں اس حوالے سے ابھی کوئی ڈیٹا اکھٹا نہیں کیا گیا۔ ماہرین کہتے ہیں کہ اگر یہ ڈیٹا اکٹھا کرلیا جائے تو اس بات کا پتہ چلایا جاسکے گا کہ مہلک وائرس سے کسے اور کیسے بچانے کی ضرورت ہے۔

پاکستان میں بھی کورونا وائرس سے آٹھ اموات ہو چکی ہیں جن میں سے سات مرد اور صرف ایک خاتون کی موت ہوئی ہے جبکہ متاثرین میں بھی اکثریت مردوں کی ہے۔

وہ ممالک جن کی آبادی زیادہ ہے وہاں سے حاصل کردہ ڈیٹا کے مطابق کورونا وائرس کے شکار افراد میں سے مردوں کے اس وائرس کے ہاتھوں مرنے کا تناسب پچاس فیصد زیادہ ہے۔

یہاں یہ بات بتانا ضروری ہے کہ سانس کی بیماریوں کے ذریعے ہلاکت کے کیسز میں مردوں اور خواتین کے زندگی گزارنے کے طریقے کا بہت زیادہ عمل دخل ہے۔

مگر مہلک وائرسز کے ہاتھوں خواتین کے نسبت مردوں کی موت کا تناسب زیادہ ہونا پہلی دفعہ نہیں دیکھا گیا۔

اس سے قبل سارس اور مرس وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد بھی ہانگ کانگ، جنوبی کوریا اور سعودی عرب میں خواتین کی نسبت زیادہ مرد جان سے گئے تھے۔

بعض ماہرین اسکی وجہ عورتوں میں بچے پیدا کرنے کی صلاحیت کی وجہ سے مردوں کی نسبت مضبوط قوت مدافعت کی موجودگی کو قرار دیتے ہیں۔

ماہرین کہتے ہیں کہ سگریٹ نوشی کے عادی افراد میں کورونا وائرس کے بگڑنے کے امکانات سگریٹ نہ پینے والے افراد کی نسبت زیادہ ہوتے ہیں اور ایسے افراد کو وینٹی لیٹر اورانتہائی   نگہداشت کی ضرورت بھی زیادہ ہوتی ہے جو اس مرض کی شدید بگڑی حالت ہے۔

کورونا وائرس کے شروع کے کیسز میں یہ بات سامنے آئی کہ اس وائرس کے ذریعے ان افراد کے مرنے کے امکانات زیادہ ہیں جو پہلے سے کسی سنگین مرض میں مبتلا ہوں جیسا کہ  ہائی بلڈ پریشر، شوگر اور دل کے امراض۔

ایک تحقیق کے مطابق مرد خواتین کی نسبت ذیا بیطس اور ہایپر ٹینشن کے زیادہ شکار ہوتے ہیں اور یہ وہی امراض ہیں جن کی موجودگی  میں کورونا وائرس بگڑتا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here