لاہور: وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبوں میں کورونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے پر پاکستان متاثرین کی مجموعی تعداد 1065 ہو گئی ہے، راولپنڈی میں ایک خاتون کی موت کے بعد ملک میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے جبکہ اب تک 20 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
کمشنر راولپنڈی کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا ایک خاتون مریض آج انتقال کرگئیں،خاتون 21 مارچ سے زیرعلاج تھیں اور بیرون ملک سے وطن واپس آئی تھیں۔
کورونا وائرس کے حوالے سے بنائے گئے سرکاری پورٹل کے اعدادوشمار کے مطابق بدھ کو سندھ میں سب سے کم صرف تین کیسزرپورٹ ہوئے جس سے یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 413 ہوگئی، پنجاب میں 45 کیس سامنے آنے پر 312، خیبرپختونخوا میں 41 افراد میں وائرس کی تصدیق کے بعد 119، بلوچستان میں نو کیسز کے بعد 119 جبکہ وفاقی دارالحکومت میں مزید پانچ کیسز کی تصدیق کے بعد تعداد 20 ہوگئی ہے۔
گلگت بلتستان میں آج کورونا کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا تاہم یہاں 81 افراد متاثر ہیں جبکہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بھی ایک شخص میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
سندھ میں اب تک کورونا وائرس کے 14 مریض، پنجاب میں دو،کےپی میں دواسلام آباد میں بھی دو افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔
چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں جزوی یا مکمل لاک ڈائون کیا گیا ہے جس پر عملدر آمد کرانے اور سول انتظامیہ کی مدد کیلئے صوبائی حکومتوں کی جانب سے فوجی دستوں کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
لاک ڈائون کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں جبکہ صرف میڈیکل سٹورز اور کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والی دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔
ادھر سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر نے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ پر زور دیا ہے کہ اگر عوام گھروں میں نہیں رہتے اور لاک ڈائون کی خلاف ورزی جاری رہتی ہے تو کرفیو لگا دینا چاہیے۔
اسلام آباد میں بھی جزوی لاک ڈائون
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق بارہ کہو میں موجود ایک مسجد اور اس کے گردو نواح میں مزید نو افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔
ٹوئٹر پر ایک پیغام میں انہوں نے بتایا کہ ٹوٹل کیسز کی تعداد 16 ہوگئی ہے جس کے پیشِ نظر کوٹ ہتھیال اور بارہ کہو کو پوری طرح سیل کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے عوام سے گزارش ہے کہ انتظامیہ سے تعاون کریں، بارہ کہو روڈ بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کی جا چکی ہے۔
اسلام آباد میں نقل و حرکت، دفاتر ، ہسپتالوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور کاروبار پر مزید پابندیاں عائد کر دی گئیی ہیں، ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مارکیٹس، شاپنگ مالز، نجی دفاتر بدستور بند رہیں گے جبکہ سرکاری دفاتر صبح 10 سے شام 4 بجے تک کھلیں گے۔
اسی طرح شہروں، ضلعوں اور صوبوں کے درمیان پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی عائد رہے تاہم میٹرو بس سروس جاری رہے گی جس میں مسافروں کے درمیان ایک نشست کا فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت میں ہر قسم کی سماجی مذہبی تقریبات پر بھی پابندی ہے جبکہ ہسپتالوں میں او پی ڈیز بھی معطل رہیں گی البتہ ایمرجنسی سروسز فعال رہیں گی۔
مردان کی یونین کونسل منگا میں 39 افراد متاثر
خیبرپختونخوا کے علاقے مردان کی جس یونین کونسل میں کورونا وائرس سے ملک میں پہلی ہلاکت سامنے آئی تھی وہاں مزید 39 افراد میں اس عالمی وبا کی تشخیص ہوگئی ہے۔
اس حوالے سے وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور جھگڑا نے ٹوئٹ میں لکھا کہ مردان کی یوسی منگا جہاں پاکستان کی پہلی کورونا وائرس کی موت ہوئی تھی اور لاک ڈاؤن کیا گیا تھا وہاں 46 افراد کے ٹیسٹ میں سے 39 کے نتائج مثبت آئے جبکہ 4 کے نتائج مسترد ہوئے۔
چین کا 5 لاکھ ماسکس، 10 ہزار ٹیسٹنگ کٹس کا عطیہ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے چین سے آنے والے سامان کی کھیپ خود ایئرپورٹ جا کر وصول کی۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ اس سامان میں 5 لاکھ این 95 ماسک اور 10 ہزار ٹیسٹنگ کٹس موجود ہیں، تمام کٹس اور ماسک چین نے پاکستان کو عطیہ کی ہیں۔۔