اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوے کیسز کی وجہ سے وفاقی حکومت نے طبی سامان کی قلت سے بچنے کے لیے سرجیکل ماسکس، ہینڈ سینٹائزرز، گوگلز اور دیگر سات اشیاء کی برآمد پر پابندی عائد کر دی ہے۔
پرافٹ اردو کے نمائندے کے پاس دستیاب نوٹی فکیشن کاپی کے مطابق “وفاقی حکومت نے درآمدات اور برآمدات (کنٹرول) ایکٹ 1950 کے سیکشن 3 کے سب سیکشن (1) کے تحت سرجیکل ماسکس، ہینڈ سینٹائزرز، گوگلز، ٹائوک سوٹس، ڈسپوزایبل گائونز کے علاوہ گلوز، فیس شیلڈ، N95 ماسکس، بائیو ہیزرڈ بیگز اور شوکورز کی برآمد پر پابندی عائد کر دی ہے”۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ملک میں بنیادی میڈیکل آلات کی ضروریات اور ان ذخائر کی نشاندہی کے جائزے کے عمل کے مکمل ہونے کے بعد یہ پابندی ختم ہوجائے گی۔
اس کے علاوہ وزارتِ تجارت نے پیاز کی برآمدات پر پابندی عائد کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔ “وفاقی حکومت نے درآمدات اور برآمدات (کنٹرول) ایکٹ 1950 کے سیکشن 3 کے سب سیکشن (1) کے تحت پیاز کی برآمدات پر پابندی عائد کی گئی، پابندی کا اطلاق 31 مئی 2020 تک ہو گا”۔