واشنگٹن:عالمی مالیاتی ادارے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ 2020 میں کورونا وائرس کی وبا عالمی بحران کا باعث بنے گی جو 2009-2008 کے عالمی مالی بحران سے زیادہ شدید نوعیت کا ہو سکتا ہے لیکن عالمی معاشی حالات 2021 میں بہتر ہونا شروع ہو جائیں گے۔
آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے متعدد ملکوں کی جانب سے صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے علاوہ متاثرہ کمپنیوں اور ورکرز کے تحفظ کے لیے پہلے ہی کیے جا چکے غیر معمولی مالی اقدامات اور مرکزی بنکوں کی جانب سے مانیٹری پالیسی آسان کرنے کے عمل کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے باوجود بالخصوص معاشی محاذ پر مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہو گی۔
آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف ہنگامی فنانس میں بڑے پیمانے پر اضافہ کرے گا کیوں کہ 80 ملک مدد کی درخواست کرچکے ہیں۔ عالمی مالیاتی ادارہ ایک ٹریلین ڈالر کا پورا فنڈ قرض کے طور پر دینے کے لیے تیار ہے۔