لاہور: ملک بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے دو ہفتوں کیلئے لاک ڈئون سے کاروبار بند ہیں تاہم آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) پنجاب چیپٹر نے صوبائی حکومت سے ٹیکسٹائل ملز میں کام جاری رکھنے اور برآمدی مصنوعات کی مینو فیکچرنگ کی اجازت طلب کی ہے۔
پاکستان ٹوڈے کے مطابق اپٹما نے حکومت سے برآمداتی اشیاء کی ترسیل اور مینوفیکچرنگ عمل کومسلسل یقینی بنانے کے لیے اجازت مانگی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سوموار کو صوبے میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا صوبے بھر میں 24 مارچ کی صبح 9 بجے سے 6 اپریل تک لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔
اپٹما پنجاب کے قائم مقام سیکرٹری جنرل محمد رضا باقر کی جانب سے ٹیکسٹائل ملز مالکان کو کو لکھے جانے والے ایک خط میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے 23 مارچ کو تمام دفاتر، ٹرانسپورٹ، ہجوم، مینوفیکچرنگ فیکٹریوں وغیرہ کو منگل سے بند رکھنے کا حکم دیا ہے اور اپٹما کی رکن ملز کو بھی عملدرآمد کا حکم دیا گیا ہے۔
سیکرٹری جنرل اپٹما نے خط میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے اس فیصلے سے تمام کاروباری اور کمرشل سرگرمیاں منجمد ہو گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے نتیجے میں تمام دفاتر، پیداوار اور مینوفیکچرنگ آپریشنز، اشیاءکی ترسیل، ملکی اور غیر ملکی منڈیوں کی سپلائی بند ہو کر رہ گئی ہے۔
تاہم غیرملکی خریداروں کے عزم کے باعث اپٹما پنجاب کی انتظامیہ کی جانب سے صوبائی وزیر پنجاب صنعت و تجارت اسلم اقبال کے سامنے معاملہ اٹھایا گیا ہے۔
رضا باقر نے ملرز کو آگاہ کیا کہ مذکورہ صوبائی وزیر نے معاملہ صوبائی کابینہ سے اٹھانے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے برآمدکندگان کو تمام رکاوٹیں دور کرنے اور سہولیات دینے کے لیے معاملے کو حل کریں گے۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ صوبائی حکومت سے مشاورت کے نتیجے میں پنجاب کابینہ کے اجلاس میں معاملہ زیرِ غور لایا جائے۔
قائم مقام سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ اس دوران اپٹما ملز اراکین سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ 23 مارچ کے پنجاب حکومت کے لاک ڈاؤن کے فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
رضا باقر نے موجودہ صورتحال کے باعث مالی بحران کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کہا کہ اپٹما نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ سے لاک ڈاؤن کے ختم ہونے تک بلوں کی ادائیگی منسوخ کرنے کی درخواست کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ توانائی تقسیم کرنے والی کمپنیوں سے لاک ڈاؤن ختم ہونے تک بل ادا کرنے کی تاریخ بڑھانے کی درخواست کی ہے۔