لاہور: پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ (پی آئی اے ایف) نے وزیراعظم عمران خان کے عالمی مالیاتی اداروں سے مشکلات کا شکار ملکوں کے قرضے معاف کرنے کے مطالبے کی حمایت کی ہے جس کی ایک مثال پاکستان بھی ہے کیوں کہ کورونا وائرس ان ترقی پذیر ملکوں کی معیشت تباہ کر سکتا ہے۔
پی آئی اے ایف کے سربراہ میاں نعمان کبیر، سینئر وائس چیئرمین ناصر حمید خان اور وائس چیئرمین جاوید اقبال نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ عالمی برداری کو پاکستان کی طرح کے مشکلات کا شکار ملکوں کا قرضہ معاف کرنے کے بارے میں سوچنا چاہئے جس کے باعث کم از کم کورونا وائرس پر قابو پانے میں مدد حاصل ہو گی۔
انہوں نے اعلیٰ سطح پر قرضہ جاتی مہم چلانے کا مطالبہ کیا جس کے تحت امداد دینے والے ملکوں اور عالمی معاشی اداروں پر پاکستان کا بیرونی قرض منسوخ کرنے پر زور دیا جا سکتا ہے۔
میاں نعمان کبیر نے کہا کہ وہ پاکستان کو قرضوں کے بجائے گرانٹ دیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قرضوں کی فی الفور معافی یہ یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ہنگامی امداد قرضوں کی ادائیگی پر خرچ نہ ہو۔
پی آئی اے ایف کے سربراہ نے اس خوف کا اظہار بھی کیا کہ اگر پاکستان نے سنجیدہ نوعیت کے حالات کا سامنا کیا تو حکومت کی معیشت کو بحال کرنے کی کوششیں ضائع ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو لازمی طور پر ان حالات کا مقابلہ کرنا ہے اور عالمی معاشی اداروں کو انکار کرنا ہے جب کہ سیاسی طاقتوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کو یکجا ہو کر وزیراعظم کی قرضوں کی معافی کے مطالبے کی حمایت کرنی چاہئے۔