کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں تمام بینکوں کی برانچیں کھلی رہیں گی تاہم کام کے گھنٹوں میں کمی کردی گئی ہے جس کے بعد بینک سوموار سے جمعہ تک 10 بجے سے 4 بجے تک کھلے رہیں گے۔
سیٹ بینک نے یہ اقدامات ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز اور لاک ڈائون کے باعث کاروباروں کی بندش کے بعد اٹھائے ہیں۔
مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق برانچز میں صرف اتنا سٹاف رکھا جائے گا جو ضروری کام نمٹا سکے، مشکل کے اس وقت میں صورت حال کا قریب سے جائزہ لیا جا رہا ہے اس کے مطابق ہی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ بینکوں کے عملے اور کسٹمرز کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
مرکزی بینک کی ہدایات کے مطابق ملک بھر میں تمام بینکوں کی اے ٹی ایم بھی کھی رہیں گی اس کے ساتھ صارفین بینکوں کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم بھی استعمال کر سکتے ہیں جبکہ بینکوں کو کہا گیا ہے کہ وہ سائبر حملوں سے بچنے کیلئے سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں۔
اس سے قبل سٹیٹ بینک ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے رقوم کی منتقلی پر ٹیکس کٹوتی ختم کرنے کا اعلان کر چکا ہے۔
سٹاف کو اپنا سروس کارڈ اور قومی شناختی کارڈ ہمراہ رکھنے کی ہدایت ہے جس کے لیے ایسا ممکن نہ ہو بینک اسے ملازم کو ایمپلائمنٹ لیٹر جاری کرے گا۔
کیش کولیکشن اور ڈلیوری کرنے والی کمپنیاں بھی تمام حفاظتی اقدامات اٹھانے کی پابند ہوں گی۔
دوسری جانب مرکزی بینک نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث موجودہ صورتحال میں تمام بینک صارفین کو صاف ستھرے اور جراثیم سے پاک نوٹ فراہم کریں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ اسٹیٹ بینک اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ہسپتالوں اور کلینکس سے آنے والے کرنسی نوٹوں کو اکٹھا کرکے قرنطینہ میں رکھا جائے، ان نوٹوں کو صاف کیا جائے گا تاکہ وائرس زدہ نوٹ مارکیٹ میں دوبارہ نہ جائیں۔
مزید براں مرکزی بینک نے تمام بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ اے ٹی ایم کے ذریعے صارفین کو کیش کی سہولت میں کوئی رکاوٹ نہ آئے اور آن لائن سہولت میں کوئی تعطل نہ ہو، تمام بینک ملازمین شناختی کارڈ اور بینک کا کارڈ ساتھ رکھیں جبکہ بینکوں کو کیش پہنچانے والی گاڑیاں بھی شناختی کارڈ اور کمپنی کارڈ ساتھ رکھیں۔