برلن: کورونا وائرس کن کن چیزوں سے پھیل سکتا ہے اس بارے میں عالمی ادارہ صحت سمیت دنیا بھر کے طبی ماہرین کی رائے سامنے آچکی ہے لیکن کیا کرنسی نوٹ بھی کورونا وائرس کے کیرئیر ہو سکتے ہیں؟ اس بارے میں ماہرین تقسیم کا شکار نظر آتے ہیں۔
جرمنی کے رابرٹ گوش انسٹیٹیوٹ (آر کے آئی) برائے متعدی امراض کے سربراہ لوتھر ویلر (Lothar Wieler) کہتے ہیں کہ کرنسی نوٹوں کے ذریعے کورونا وائرس کے پھیلائو کے شواہد نہیں ملے، زیادہ تر افراد پہلے سے متاثرہ افراد کی وجہ سے اس مہلک وائرس کا شکار بنے۔
لوتھر ویلر کا بیان عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ماہرین کی رائے کے برعکس ہے، ڈبلیو ایچ او خبردار کر چکا ہے کہ کرنسی نوٹ بھی وائرس پھیلانے کا ایک بڑا ذریعہ ہیں اس لیے انہیں استعمال کرنے کے بعد ہاتھ دھو لیے جائیں۔
اس سے قبل جنوبی کوریا کے مرکزی بینک نے اعلان کیا تھا کہ کورونا کے پھیلائو کے خدشات کے پیش نظر بھاری مقدار میں کرنسی نوٹ جلانے کا اور کچھ ہفتوں کیلئے قرنطینہ میں رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان میں بھی بینکوں کی جانب سے صارفین کو پیغام دیا گیا ہے کہ وہ برانچز اور ایم ٹی ایم مشینوں کا رخ کم سے کم کریں اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کا طریقہ کار استعمال کریں۔
دنیا بھر میں تین لاکھ کے لگ بھگ افراد مہلک کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ 14 ہزار کے قریب موت کے منہ میں جا چکے ہیں، جرمنی میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1269 ہے لیکن جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے خبردار کیا ہے کہ ان کے ملک کی 70 فیصد آبادی اس وائرس کا شکار ہو سکتی ہے۔
حال ہی میں ‘نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن ‘ میں ایک ریسرچ شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ آیا یہ کورونا وائرس انسانی جسم کے علاوہ دیگر سطحوں یعنی پلاسٹک، دھات یا گتّے پر کتنی دیر تک زندہ رہ سکتا ہے۔
1۔ ہوا میں معلق پانی کے قطرے
سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ کورونا وائرس ایک دوسرے کو چھونے سے باآسانی پھیل سکتا ہے اور یہ وائرس ہوا میں معلق پانی کے قطروں یا ذرات میں 3 گھنٹے تک زندہ رہ سکتا ہے۔
2۔ تانبا
تحقیق میں سائنسدانوں نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ کورونا وائرس تانبے کی سطح پر 4 گھنٹے تک زندہ رہنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
3۔ کارڈ بورڈ یا گتّا
سائنسدانوں کی جانب سے کی جانے والی تحقیق کے مطابق کورونا وائرس کارڈ بورڈ یعنی گّتے پر 24 گھنٹے تک زندہ رہ سکتا ہے۔
4۔ پلاسٹک اور اسٹیل
کورونا وائرس سب سے دیر تک پاسٹک یا اسٹیل کی سطح پر رہ سکتا ہے اور اس کا دورانیہ دو سے تین دن تک ہو سکتا ہے، یعنی وائرس پلاسٹک اور اسٹیل پر تین دن تک موجود رہتا ہے۔
کووڈ-19 کے پھیلاؤ سے کیسے بچا جائے؟
1۔ بیمار لوگوں کے قریب یا انہیں چھونے سے گریز کریں۔
2۔ اپنی آنکھوں، ناک اور منہ کو نہ چھوئیں۔
3۔ اگر آپ بیمار ہیں تو گھر سے باہر ہرگز نہ نکلیں۔
4۔ کھانسی اور چھینکتے وقت منہ کو ٹشو سے ڈھکیں اور اسے فوراً پھینک دیں۔
5۔ گھر کی ایسی جگہیں جہاں سب سے زیادہ ہاتھ لگتے ہوں تو انہیں جراثیم کش اسپرے کی مدد سے فوراً صاف کریں۔