کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے معاشی بحران کو دیکھتے ہوئے سندھ میں بجلی اور گیس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو رواں ماہ گیس و بجلی کے بلوں میں رعایت کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ جن لوگوں کا بجلی اور گیس کا بل باالترتیب پانچ ہزار اور دو ہزار روپے سے زائد ہے ان سے اس ماہ بل نہ لیاجائے بلکہ اگلے 10 ماہ میں قسطوں کی صورت میں وصول کیا جائے اور سوئی سدرن اور بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں کو اگلے دو ماہ میں بجلی اورگیس کےکنیکشن نہ کاٹنے کی ہدایت کی ہے۔
اس کے علاوہ سندھ حکومت نے چھوٹی دکانوں یا گھروں کے مالکان کو بھی ہدایات دی ہیں کہ وہ کرائے کی وصولی میں رعایت دیں، مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت وفاق سے درخواست کرے گی کہ وہ بھی پاور سپلائی اور گیس کمپنیوں کو گیس، فرنیس آئل کی سپلائی جاری رکھے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 646 ہو گئی ہے اور جان لیوا وبا پر قابو پانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے لاک ڈاؤن کے فیصلے کے علاوہ فوج سے مدد طلب کر لی ہے۔
اس سے قبل چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں کورونا وائرس کی تشویشناک صورتحال کو دیکھتے ہوئے وفاقی حکومت سے لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا تھا۔