پاکستان کا دو ہفتوں کیلئے بین الاقوامی فضائی آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ

4 اپریل تک بین الاقوامی پروازیں پاکستان نہیں آسکتیں، حکومتی فیصلے کا اطلاق آج رات 8 بجے سے ہوگا: مشیر قومی سلامتی، 34 ٹرینیں بند، مسافروں میں 20 فیصد کمی

660

لاہور: پاکستان نے آئندہ دو ہفتے تک بین الاقوامی فضائی آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم اس دوران پی آئی اے کی اندرون ملک پروازیں جاری رہیں گی۔ 

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پابندی کا اطلاق ہفتہ 21 مارچ شب 8 بجے سے ہوگا۔ مسافروں کو پیش آنے والی دشواریوں کے لیے معذرت خواہ ہیں مگر پرہیز علاج سے بہتر ہے، مزید معلومات اور بکنگ کے تبدیلی کے لیے پی آئی اے کال سنٹر سے رابطہ کریں۔

ہفتے کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم  کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے بتایا کہ آج سے دو ہفتے یعنی 4 اپریل تک بین الاقوامی پروازیں پاکستان نہیں آسکتیں، حکومتی فیصلے کا اطلاق آج رات 8 بجے سے ہوگا۔

معید یوسف کا کہنا تھا کہ پابندی میں پسنجر چارٹر اور پرائیوٹ پروازیں شامل ہیں تاہم سفارت کار اور کارگو کے جہازوں کو پاکستان میں آنے کی اجازت ہوگی۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے تحت صوبوں کےدرمیان انٹر سٹی بس سروسز  بند کردی گئی ہے جبکہ ریلوے نے 34 ٹرینیں بھی معطل کردی ہیں۔

34 ٹرینیں بند، مسافروں میں 20 فیصد کمی

وزیر  ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے 34 ٹرینیں معطل کر دی ہیں  جس سے ریلوے کے 20 فیصد مسافر کم ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 15 رمضان تک ٹرینیں معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، حالات بہتر ہونے پر معطل ٹرینیں بحال کی جائیں گی کیونکہ دو لاکھ مسافروں کو ان حالات میں ہینڈل کرنا مشکل ہے۔

ملک کو لاک ڈاؤن کرنے سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا اختیار میرا نہیں وزیراعظم عمران خان کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساری دنیا میں ہاتھ دھونے،منہ پر نہ لگانے اور آئسولیشن میں جانے کا پیغام چل رہا ہے مگر میری رہائش گاہ لال حویلی کے باہر روزانہ ہزاروں لوگ گزر رہے ہیں۔ کل ایک دو پارکس میں گیا، لوگ کرکٹ کھیل رہے تھے، اس وقت لوگوں اور وزراء کو احتیاط کرنی چاہیے۔

ریلوے ملازمین کو نکالنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ  کسی ملازم کو نہیں نکالا جا رہا،  حکومت  ریلوے کو سبسڈی دینےکے بجائے ریلوے ملازمین کی پینشن ادا کرے۔

ملک میں کورونا کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 542 ہوگئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here