اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے عاطف بخاری کو بورڈ آف انویسٹمنٹ کا چیئرمین تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سابق چئیرمین زبیر گیلانی نے ذاتی وجوہات کی بناء پر 9 مارچ کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا، وہ 2019 میں بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سربراہ تعینات ہوئے تھے۔
زبیر گیلانی کو معیشت کو خودمختار بنانے کے لیے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کا ہدف پورا کرنے، مقامی وغیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، برآمدات میں اضافہ اور درآمدات کو مقامی پیداوار کے مطابق کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔
وہ وزیراعظم عمران خان کے ’’کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے پروگرام‘‘ کے لیے بڑے پیمانے پر تنظیمی اصلاحات اور پالیسی سازی کے ذریعے رہنمائی بھی کر رہے تھے۔
یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے ڈیرھ سالہ دور میں بورڈ آف انویسٹمنٹ کے تین چئیرمین تبدیل کیے جا چکے ہیں۔
عاطف بخاری سٹیٹ بینک آف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بھی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔