برآمد کنندگان کے بقایا جات مارچ اور اپریل میں جاری کردیے جائیں گے: مشیر خزانہ

حکومت کی نہ تو کوئی خواہش ہے اورنہ کوئی پالیسی کہ وہ ایکسپورٹرز کا پیسہ روکے یا اس کے اجرا میں کوئی تاخیر کرے: ڈاکٹر حفیظ شیخ

783

اسلام آباد: مشیر خزانہ ڈاکٹرحفیظ شیخ  نے نوید سنائی ہے کہ حکومت برآمد کنندگان کے جنرل سیلز ٹیکس ریفنڈز مارچ کے مہینے میں  جبکہ ایکسپورٹس ریبیٹس  Export Rebatesاپریل کے مہینے میں جاری کردے گی۔

برآمد کنندگان کے وفد سے ملاقات میں مشیر خزانہ  کی جانب سے ہر ممکن مدد کی فراہمی اور بقایا جات کی فراہمی کے عزم کا اظہار کیا گیا ۔

انکا کہنا تھا کہ حکومت کی نہ تو کوئی خواہش ہے اورنہ کوئی پالیسی کہ وہ ایکسپورٹرز کا پیسہ روکے یا اس  کے اجرا میں کوئی تاخیر کرے۔

اس حوالے سے انہوں نے سیکرٹری خزانہ اور چئیرمین ایف بی آر کو متعلقہ اسٹاک ہولڈرز کیساتھ ملاقاتیں کرنے اور معاملے کے جلد حل کی بھی ہدایت کی ۔

یہ بھی پڑھیے: ملکی دوا سازی صنعت کی برآمدات میں 7 فیصد اضافہ

یہ بھی پڑھیے: کورونا وائرس، پاکستان نے جانوروں اور پرندوں کی درآمد پر پابندی لگا دی

مشیر خزانہ نے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے مشکل حالات میں مزدوروں کو بے روزگار نہ کرنے کے فیصلے کی تعریف کی اور ہدایت کی کہ مزدوروں کا ویسے ہی خیال رکھا جائےجیسا کہ حکومت مل مالکان کا رکھ رہی ہے۔

برآمدکنندگان نے مشیر خزانہ کو اس موقع پر کورونا وائرس کے باعث در پیش مشکلات سے متعلق بتایا کہ عالمی معیشتیں کساد بازاری کی سی صورتحال کا شکار ہیں جس کی وجہ سے انکی مصنوعات کی مانگ میں خاطر خواہ کمی آگئی ہے۔  ملاقات میں بتایا گیا کہ فروری اورمارچ کے مہینوں میں بڑھنے والی برآمدات کو آنے والے مہینوں میں کمی کا سامنا ہوگا۔

مزید پڑھیے: اشتہار پر خرچ کی جانے والی رقم ڈیم فنڈ میں دے دی جائے، علی زیدی کا چاول کے برآمد کنندگان کو مشورہ

برآمد کنندگان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر تجارت  کی تبدیل ہوتی صورتحال کے باعث وہ مالی مشکلات کا شکار ہیں اور انہیں اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے مدد درکار ہے جس میں بقایا جات کا اجرا بھی شامل ہے تاکہ وہ دوبارہ سے اپنے کاروبار کو ٹریک پر لا سکیں۔

وفد نے اس موقع پر وزیر خزانہ کو وہ تجاویز پیش کی جو انکے لیے ایسے حالات میں  کاروبار چلانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں جس میں انہیں  کورونا وائرس کے باعث بیرون ملک سے مزید آرڈروں کی امید نہیں ہے۔

وفد کی جانب سے اس موقع پر حکومت کو یقین دہانی کروائی گئی کہ  اس مشکل وقت میں وہ اپنے یومیہ اجرت کے ملازمین کو نوکریوں سے نہیں نکالیں گے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here