کورونا وائرس کے معیشت پر اثرات، حکومت کا کاروباری طبقے کو بیل آؤٹ پیکج دینے پرغور

وائرس تیزی سے پھیلنے کی صورت میں معیشت کو 10 ارب ڈالر نقصان پہنچنے کا امکان، بیل آؤٹ پیکج میں تاجروں کو ٹیکس چھوٹ دینے اور شرح سود میں مزید کمی کی تجاویز، لاک ڈاؤن کی صورت میں مزدور اور غریب طبقے کے لیے بھی پیکج پر غور

722

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے معیشت کو کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے حالات کےاثرات سے  بچانےکےلیے کاروباری برادری کو  ہنگامی بیل آؤٹ پیکج دینے پر غور شروع کردیا ہے۔

مختلف اندازوں کے مطابق کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی صورت میں معیشت کو 10 ارب ڈالر کا نقصان پہنچ سکتا ہے،  وزارت تجارت نے اپنی رپورٹ میں  بر آمدات کو دو سے چار ارب ڈالر نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

ادھر وائرس کے باعث  بیرون ملک مقیم  پاکستانیوں کا کام متاثر ہونے کی وجہ  سے ترسیلات زر میں بھی کمی ہونے کا امکان ہے، فیڈرل بورڈ آف ریوینو  (ایف بی آر) کی جانب سے خسارے کا اندازہ 300 ارب روپے لگایا گیا ہے۔

اس حوالے سے تمام سٹاک ہولڈرز کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مختلف تجاویزپرغور کیا گیا، اجلاس میں شرکاء کی جانب سے  ملکی کاروباری طبقے کو صورتحال  کے مقابلے کے قابل بنانے کے لیے  شرح سود میں مزید کمی اور ٹیکس ریلیف کی تجاویز دی گئیں۔

یہ بھی پڑھیے: کورونا وائرس: پی ٹی سی ایل، یوفون کا ملک بھر میں اپنے سروس سینٹرز 31 مارچ تک بند کرنے کا اعلان

مزید برآں ممکنہ لاک ڈاؤن کی صورت میں معاشرے کے کمزور اور غریب طبقے کی مدد کے لیے احساس پروگرام کو بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔

 تاہم کورونا وائرس کے تناظر میں دیے جانے والے اس بیل آؤٹ پیکج کے بارے میں حتمی فیصلہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کی جانب سے اگلے ہفتے کیا جائے گا۔

 ادھر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ایک بار پھر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو  روکنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: کورونا وائرس، پاکستان میں مریضوں کی تعداد 464، کراچی میں ایک شخص کی موت کے بعد ہلاکتیں تین ہو گئیں

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کیساتھ بات چیت میں وزیرا عظم کا کہنا تھا کہ  معیشت کو وائرس کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے عالمی ادارے رابطے میں ہیں۔

جمعرات کو مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد میں ڈی جی آیہ ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے  بتایا کہ غریب اور مزدور طبقے کےلیے بھی ایک مالیاتی پیکج پر کام ہو رہا  ہے اور یہ پیکج باضابطہ منظوری کے لیے جلد وزیر اعظم کو پیش کردیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ معیشت کی سست روی کو روکنے کے لیے مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کی قیادت میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے اور خوراک کی زخیرہ اندوزی اور کمی روکنے کے لیے صوبائی حکومتوں کو سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی گئی ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here