لاہور: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) اور یوفون لمیٹڈ نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ملک بھر میں اپنے سیلز،سروس سینٹرز اور جوائنٹ شاپس 31 مارچ تک بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پی ٹی سی ایل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے تمام سروس سینٹرز بند کررہے ہیں اور اس سلسلے میں صارفین کو بہترین سہولیات دینے اور کاروبار جاری رکھنے کے لیے پی ٹی سی ایل اور یوفون کے صارفین کو ڈیجیٹل اور متبادل ذرائع سے سروسز فراہم کی جائیں گی۔
پی ٹی سی ایل نے اپنے صارفین کو کمپنی کی ویب سائٹ، ای میل، کمپلینٹ رجسٹریشن، سیلف کئیر پورٹل، پی ٹی سی ایل ٹچ ایپ، اور آن لائن ڈیجیٹل بل پیمنٹ کی آپشنز استعمال کرنے کی درخواست کی ہے۔
یوفون نے بھی اپنے صارفین سے اپیل کی ہے کہ ویب سائٹ، ای میل، مائی یوفون ایپ، یو پیسہ، آن لائن بینکنگ سروسز، موبائل فنانشل سروسز، ریٹیلرز اور اے ٹی ایم استعمال کریں۔
یوفون کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے دنیا بھر میں لوگ سماجی دوری اختیار کر رہے ہیں اس لیے کمپنی ڈیجیٹل سروسز کے استعمال کیلئے صارفین کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔
کمپنی نے کہا ہے کہ بطور صارفین کو سروسز فراہم کرتے ہوئے انکی حفاظت، سکیورٹی، صارفین، ملازمین اور تمام سٹیک ہولڈرز کی بہتری سب سے زیادہ عزیز ہے۔