لاہور: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے لیے کورونا وائرس کے سبب مختلف بیرونی پروازوں کی معطلی چار ارب روپے سے زیادہ کے نقصان کا باعث ثابت ہوئی ہے۔
مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو بھی گزشتہ 10 روز کے دوران ڈھائی ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔
واضح رہے کہ پی آئی اے کی خالی پروازیں زائرین کو واپس لانے کے لیے سعودی عرب بھیجی جا رہی ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس مہلک وائرس کے باعث متعدد ایئرلائن کمپنیاں مئی کے اختتام تک دیوالیہ پن کا سامنا کر رہی ہوں گی۔
پی آئی اے نے 22 فروری کو احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے بیجنگ جانے والی پروازیں اس وقت منسوخ کر دی تھیں جب چین کے مرکز میں کورونا وائرس سے 22 سو افراد کی ہلاکتوں اور 75,500 مریضوں کے متاثر ہونے کی خبر منظرعام پر آئی تھی۔