لاہور: وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ چین نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو 40 لاکھ ڈالر امداد کے علاوہ میڈیکل ماسکس اور وینٹی لیٹرز دیے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر چین کاشکریہ ادا کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ دوست ملک نے 40 لاکھ ڈالر کے علاوہ تین لاکھ ماسک، 10 وینٹی لیٹرز اور دیگر میڈیکل آلات کے لیے گرانٹ دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے 7.5 ارب روپے کے ہنگامی فنڈز نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو دیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ فنانس ڈویژن کے فنڈز کے علاوہ ہے جو نیشنل ڈیزاسٹرمنجمنٹ کو جلد استعمال کرنے کے لیے دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے:
کورونا وائرس، پاکستان میں مجموعی تعداد 453 ہوگئی، خیبر پختونخوا میں دو ہلاکتیں
کورونا وائرس کے خلاف پاکستان کا ’’قومی ایمرجنسی پلان‘‘ منظور، عالمی مالیاتی ادارے 588 ملین ڈالر امداد دیں گے
کورونا وائرس سے پاکستان کو تقریباََ پانچ ارب ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے: ایشیائی ترقیاتی بینک
وزیر اقتصادی امور نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس پھیلنے سے متعلق 60 کروڑ ڈالر (9 ارب روپے) کے ہنگامی پیکیج کے عمل کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
حماد اظہر نے کہا کہ ہنگامی پیکیج میں فنانسنگ اور فنڈز کی دوبارہ تحصیص شامل ہیں، مقامی فنڈنگ کے علاوہ بھی رقم دستیاب ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسوں کی تعداد 450 سے زائد ہو چکی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں دو افراد مہلک مرض سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب امریکہ نے بھی پاکستان کو 10 لاکھ ڈالر امداد دینے کا عندیہ دیا ہے، امریکا کی نائب سیکریٹری خارجہ و انچارج وسطی ایشیائی امور ایلس ویلز نے کہا ہے کہ امریکہ یو ایس ایڈ پروگرام کے تحت پاکستان کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 10 لاکھ ڈالر فراہم کرے گا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایلس ویلز نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اور امریکہ عالمی سطح پر صحت کے مسائل پر کام کرنے والے دیرینہ ساتھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 100 سے زائد گریجوایٹ پنجاب اور گلگت بلتستان میں سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول انیڈ پریوینشن لیبارٹریوں میں کورونا وائرس کے کیسوں پر تحقیق کر رہے ہیں۔