کورونا وائرس، پاکستان میں مریضوں کی تعداد 481، کراچی میں ایک شخص کی موت کے بعد ہلاکتیں تین ہو گئیں

ایکسپو سینٹر لاہور میں 900 بستروں کا ہسپتال بنانے کی منظوری، خیبر پختونخوا میں تین ڈاکٹر قرنطینہ منتقل، معمولی جرائم والے قیدیوں کی رہائی کا حکم ،وفاقی حکومت کا 60 کروڑ ڈالر کا ایمرجنسی پیکج  دینےپر غور، نادرا اور پاسپورٹ آفسز 15 دن تک بند رکھنے کا اعلان

913

لاہور: جان لیوا کورونا وائرس کی وجہ سے کراچی میں ایک شخص کی موت کے بعد پاکستان میں ہلاکتوں کی تعداد تین ہو گئی ہے جبکہ چاروں صوبوں میں 481 افراد وائرس سے متاثر ہیں۔

وفاقی اور صوبائی اعداد و شمار کے مطابق اس وقت سندھ میں 249، پنجاب میں 96، خیبر پختونخوا میں 23، بلوچستان میں 81، گلگت بلتستان میں 23، اسلام آباد میں مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 10 ہو گئی ہے اس کے علاوہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں بھی ایک مریض کی تصدیق کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق تین ہلاکتوں کے علاوہ اب تک پاکستان میں پانچ مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

پنجاب

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں مزید 16 کیسز کی تصدیق کی اور بتایا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 96 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق  ان میں 71 زائرین ہیں جبکہ 15 کا تعلق لاہور، دو کا ملتان، تین کا مظفر گڑھ، ایک کا راولپنڈی، تین کا گجرات اور ایک کا جہلم سے ہے۔

پنجاب حکومت نے زائرین کے لیے بلوچستان حکومت کو ایک ارب روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ یہ رقم ایران سے واپس لوٹنے والے زائرین کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے خرچ کی جائے گی۔

انہوں نے تفتان کے قرنطینہ میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کی دیکھ بھال پر وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ایکسپو سینٹر لاہور میں 900 بستروں کا ہسپتال بنانے کی منظوری

وزیراعلیٰ  پنجاب عثمان بزدار نے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجہ کے لیے ایکسپو سینٹر لاہور میں 900 بستروں پر مشتمل خصوصی فیلڈ اسپتال کے قیام کی منظوری دے دی جبکہ لاہور میں آٹھ ہوٹلوں میں 880 بیڈز کی نشاندہی کرلی گئی ہے جنہیں ضرورت پڑنے پر قرنطینہ سینٹر بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے: 

کورونا وائرس: عالمی معیشت  اسٹاک مارکیٹس کو 19 کھرب، ٹیکنالوجی کمپنیوں کو 300 ارب ڈالر نقصان

’کورونا وائرس سے ترقی پذیر معیشتیں تباہ ہو سکتی ہیں، دنیا قرضے معاف کرنے پر غور کرے‘

کورونا وائرس پاکستان کی معیشت کیلئے کس حد تک تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے؟ 

کورونا کے باعث تعلیمی ادارے بند، مغربی سرحد سیل کرنے کا فیصلہ، 23 مارچ کی پریڈ منسوخ

کورونا وائرس کے خلاف پاکستان کا ’’قومی ایمرجنسی پلان‘‘ منظور، عالمی مالیاتی ادارے 588 ملین ڈالر امداد دیں گے

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے اہم اجلاس میں محکمہ صحت پنجاب اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے )کے لیے تقریباً 8 ارب روپے کے فنڈکا اعلان کیا گیا ہے ۔

سندھ

کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج کورونا وائرس کا 77 سالہ مریض گزشتہ رات چل بسا جس کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے یہ پہلی ہلاکت ریکارڈ ہوئی ہے۔

صوبائی وزیر صحت عذرا افضل نے بتایا کہ متاثرہ شخص کینسر کا مریض تھا جب کہ اسے شوگر اور بلڈپریشر کا عارضہ بھی لاحق تھا جس سے اس کی صحت پہلے سے ہی کافی خراب تھی۔

سندھ میں تین افراد صحت یاب

محکمہ صحت حکام کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد تین ہوگئی ہے۔

وزارت صحت سندھ کے مطابق صوبے میں مریضوں کی تعداد بڑھ کر 249 ہو گئی ہے، جن میں زیادہ تر مریض سکھر میں قرنطینہ میں موجود ہیں۔

سندھ حکومت کا صوبے میں تین روزہ لاک ڈاؤن کا اشارہ

کورونا وائرس کے حوالے سے ٹاسک فورس کے اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عوام کو ہدایت کی ہے وہ وائرس کا پھیلائو روکنے کے لیے تین  دن کیلئے گھروں میں رہیں۔

انہوں نے اس بات کا بھی اشارہ دیا کہ صوبے میں تین روز کیلئے لاک ڈائون کردیا جائے گا۔

کراچی میں سکولوں کی رجسٹریشن معطل

محکمہ تعلیم سندھ نے پابندی کے باوجود کھلنے والے اسکولوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے 5 نجی اسکولوں کی رجسٹریشن معطل کر دی۔ حکومت کی جانب سے تعلیمی ادارے بند رکھنے کے احکامات کے باوجود آج اور گزشتہ روز کئی علاقوں میں نجی اسکول کھولے گئے۔

خیبر پختونخوا

خیبرپختونخوا میں جمعرات کو مزید چارکیس سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 23 ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس کے باعث خیبر پختونخوا میں ہونے والی دو ہلاکتوں کے بعد پشاور میں کینال روڈ کی ایک گلی کو قرنطینہ بنادیا گیا ہے جب کہ مردان میں بھی یونین کونسل منگاہ کو لاک ڈاؤن کر کے داخلی و خارجی راستے پر پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔

تین ڈاکٹر قرنطینہ منتقل

مردان اور پشاور میں کورونا وائرس کے مریضوں کے رابطے میں آنے والے تین ڈاکٹروں کو قرنطینہ منتقل کردیا گیا۔

ایک پیتھالوجسٹ شامل نے کورونا کے متاثرہ مریضوں کا ٹیسٹ کیا تھا تاہم ان کا اپنا ٹیسٹ منفی آیا جبکہ دو دیگر ڈاکٹروں میں ایک خاتون معالج بھی شامل ہیں جنہوں نے مردان میں کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہونے والے مریض کا علاج کیا تھا، مذکورہ تینوں ڈاکٹروں کو قرنطینہ کردیا گیا

بلوچستان 

بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 58 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 81 ہو گئی ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کورونا وائرس کے 58 نئے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں اب تک 81 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کےآٹھ نئے کیسز سامنے آنے پر تعداد دس ہو چکی ہے، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بھی ایک شخص میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، جمعرات کو گلگت بلتستان میں مزید آٹھ افراد میں وائرس کی تصدیق کے بعد مجموعی تعداد 21 ہو گئی ہے۔

پبلک ڈیلنگ دفاتر اور کاروباری مراکز  بند

وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے (آج) جمعہ سے پبلک ڈیلنگ کے دفاتر اور کاروباری مراکز کو بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

وزارت نے ریسٹورنٹس اور شاپنگ مالز کورات 10بجے بند کرنے کی ہدایت بھی جاری کی تاہم ڈیلیوری اور پارسل کے لئے ریسٹورنٹس اور دیگر کھانے پینے کی دکانوں کو اپنا کام جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔

سماجی دوری کے اقدامات کے تحت وزارت نے سرکاری ملازمین کے لئے ایک طریقہ کار کی منظوری دی جس میں تمام وزارتوں اور ڈویژنوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ادرارے میں اہم امور سر انجام دینے کے لئے اپنے عملے کی نشاندہی کریں اور دفتر میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں تاہم بیمار اور 50 سال سے زیادہ عمر کے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی اجازت ہوگی۔

نوٹیفیکشن کے مطابق سرکاری دفاتر میں ڈے کیئر سنٹرز بھی بند ہوں گے لہذا خواتین ملازمین کو بھی اپنے بچوں کو دیکھ بھال کے لئے اجازت ہوگی وہ اپنے دفتری امورگھر سے سر انجام دیں۔

نادرا اور پاسپورٹ آفسز 15 دن تک بند رکھنے کا اعلان

وزارت داخلہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق،نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور پاسپورٹ اینڈ امیگریشن آفس 15 دن تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

وزارت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسے پاکستانی شہریوں جن کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی مدت ان 15ایام میں ختم ہورہی ہے ان میں توسیع کے لئے ضروری اقدامات کرے۔ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس، پراپرٹی ڈیلنگ آفس، بیوٹی پارلر، سیلون بھی اسی عرصے کے لئے بند رہیں گے۔

معمولی جرائم والے قیدیوں کی رہائی کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے گرفتاری کے بعد تھانے میں رکھے گئے افراد کو حوالات سے ہی رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

جیل میں گنجائش سے زائد قیدیوں کے باعث کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر انڈر ٹرائل 1362 قیدیوں کی ضمانت پر رہائی سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ ایسے قیدی جو سزا کے بغیر ٹرائل کے دوران جیل کاٹ رہے ہیں کیوں نہ انہیں رہا کر دیا جائے؟

ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات نے جواب دیا کہ اڈیالہ جیل میں کسی قیدی کو کورونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ چین میں کورونا وائرس اس وقت پھیلا جب قیدیوں میں ہوا، جب غیر ضروری گرفتاریاں ہوتی ہیں تب بھی جیل کی گنجائش کم ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیل میں صفائی ستھرائی کا بھی برا حال ہے، خدانخواستہ کوئی قیدی کورونا وائرس سے متاثرہوا تو پھر قابو پانا مشکل ہو جائے گا، یہ ایمرجنسی کی صورتحال ہے۔

وفاقی حکومت کا 60 کروڑ ڈالر کا ایمرجنسی پیکج

دوسری جانب وفاقی حکومت نے ملک بھر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 60 کروڑ ڈالر (9 ارب روپے سے زائد) کے ایمرجنسی پیکج کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا کہ وزارت اقتصادی امور تقریباً 60 کروڑ ڈالر کے ایمرجنسی پیکج کو حتمی شکل دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فنڈ پورے ملک میں استعمال ہوگا جب کہ اس کے علاوہ ایشائی ترقی بینک کی جانب سے پاکستان کو ملنے والے ساڑھے 7 ارب روپے بھی نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو دیے جائیں گے۔

حماد اظہر نے کہا کہ چین نے کورونا سے نمٹنے کےلیے 40 لاکھ ڈالر کی گرانٹ جاری کی ہے جس پر ہم چین کے شکر گزار ہیں۔چین نے 3 لاکھ میڈیکل فیس ماسک ،10 وینٹی لیٹرز اور دیگر طبی سامان بھی مہیا کیا گیا ہے، جب کہ چین نے مزید وینٹی لیٹرز بھی فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

جمعرات کو پریس کانفرنس میں مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ ملک میں خوراک کی کوئی قلت نہیں ہے۔

تین یورپی ممالک نے پاکستان میں ویزہ آپریشنز معطل کر دیئے

کورونا وائرس کے باعث تشویش ناک ہوتی صورتحال میں تین یورپی ممالک نے پاکستان میں ویزہ آپریشنز معطل کر دیئے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر پاکستان میں سوئٹزر لینڈ، سویڈن اور نیدرلینڈز کے سفارت خانوں نے ویزہ آپریشنز عارضی طور پر معطل کر دیئے ہیں، تینوں ممالک کے پاکستان میں موجود سفارتخانوں اور قونصل خانوں نے پاکستانی شہریوں سے ہر قسم کی ویزہ درخواستیں وصول کرنا بند کردی ہیں۔

ویزہ درخواستیں جمع کرانے کیلئے پہلے سے لی گئی تمام اپوائنٹ منٹس منسوخ کر دی گئی ہیں، جب کہ ان اپوائنٹ منٹس کیلئے نئی تاریخوں کا اعلان صورت حال میں بہتری کے بعد کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here