اسلام آباد: ملک میں ایک ہزار سی سی کاروں کی پیداوار اور فروخت میں جاری مالی سال کے آٹھ ماہ کے دوران گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان آٹوموٹیو مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2019ء سے لے کر فروری 2020ء تک کے عرصہ میں ملک میں ایک ہزار سی سی کاروں کے16163 یونٹس کی پیداوار اور15657 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی ۔
یہ شرح گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 120.65فیصد کم ہے، گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں ملک میں ایک ہزار سی سی کے 33769 یونٹس کی پیداوار جبکہ 36385 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
فروری کے مہینہ میں ملک میں ایک ہزار سی سی کے 1158 یونٹس کی پیداوار اور2234 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ میں سوزوکی کلٹس کے 9845 یونٹس کی پیداوار 9222 یونٹس کی پیداوار ریکارڈ کی گئی، گزشتہ مالی سال کے اسی مدت میں کلٹس کے16097یونٹس کی پیداوار اور14785 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
اسی عرصہ میں سوزوکی ویگن آر کے6941 یونٹس کی پیداوار اور5812 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی، گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں ملک میں ویگن آر کے 23672 یونٹس کی پیداوار اور21600 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔
واضح رہے کہ رواں مالی سال 2019-20 کے پہلے آٹھ ماہ (جولائی تا فروری) کے دوران موٹر سائیکلوں اور تھری وہیلرز کی فروخت میں 9.86 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان آٹو موبائل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن(PAMA) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے آٹھ ماہ کے دوران ملک میں دس لاکھ 80 ہزار 272 موٹر بائیکس اور تھری وہیلرز فروخت ہوئیں جبکہ مالی سال 2019ء میں یہ تعداد گیارہ لاکھ 97 ہزار 222 تھی۔
اسی طرح جولائی 2019 سے فروری 2020 تک گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں پاکستان میں زرعی ٹریکٹروں کی پیداوار اور فروخت میں 56 فیصد جبکہ ٹرکوں اور بسوں کی پیداوار و فروخت میں 77 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔