اسلام آباد: سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے تمام کمپنیوں کو اپنے کارپوریٹ رسپانسبیلٹی کے بجٹ اور اس حوالے سے سرگرمیوں کو کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے، مرض کی تشخیص، علاج معالجہ اور تحقیق کیلئے مختص کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایس ای سی پی نے کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی توجہ کمپنیز ایکٹ کی دفعہ 202(2) کی جانب مبذول کرائی ہے۔
قانون کی اس شق میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کا ڈائریکٹر، کمپنی کے تمام ممبران، ملازمین، شراکت داروں اور کمپنی کے کاروباری مفادات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ماحول کے تحفظ کیلئے اچھی نیت کے ساتھ کوشش کرے گا۔
کورونا وائرس کی وباء نے دنیا بھر کی معیشت کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے، یہ ایک انتہائی اہم وقت ہے کہ پاکستان کا کارپوریٹ سیکٹر اور کاروباری شعبہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑا ہوا اور سماجی ذمہ داریاں بڑھ چڑھ کے ادا کرے۔
کمپنیوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے کاروبار اور مالی سرگرمیوں کے تسلسل کو جاری رکھنے کیلئے باقاعدہ منصوبہ بندی کریں، اپنے ملازمین، صارفین اور ارد گرد معاشرے کے تحفظ کیلئے بہترین اقدامات کریں۔
تمام کمپنیوں اس بات کا بھرپور انتظام کریں کہ اس کے احاطہ میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ نہ ہو اور اس سلسلہ میں تمام حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں کاروبار، پیداوار اور سپلائی کا تسلسل جاری رکھنے کیلئے متبادل منصوبہ بندی بھی کریں۔
اس حوالہ سے تمام کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اپنے کارپوریٹ رسپانسبیلٹی فنڈز اور سماجی فلاح و بہبود ک سرگرمیوں کو کورونا کے بچاؤ، تشخیض اور اس حوالے سے کی جانے والی تحقیق کیلئے وقف کریں۔