واشنگٹن، اوٹاوا، میڈرڈ: کورونا وائرس دنیا کے180 ممالک میں پھیل گیا ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار50 تک پہنچ گئی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 2لاکھ45 ہزار 6 سو 51 ہے۔
اٹلی میں کورونا وائرس سے 3 ہزار4 سو 5 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 41 ہزار 35 افراد متاثر ہیں، اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ چین میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد دنیا میں کمی واقع ہو رہی ہے۔
چینی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 3 ہزار 2 سو48 ہو گئی ہے۔
ایران میں عالمی وبائی سے 12 سو 84 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں، بھارت میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے جبکہ 194افراد متاثر ہیں۔ارجنٹائن لاک ڈاؤن کرنے والا جنوبی امریکا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی رہنماؤں سے اس مشکل گھڑی میں مل کر کام کرنے کی اپیل کی ہے۔
امریکی حکومت کا فی خاندان تین ہزار ڈالر امداد کا اعلان
امریکی حکومت کی جانب سے چار افراد پر مشتمل خاندان کیلئے پہلا امدادی چیک تین ہزار ڈالر تک ہو سکتا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے امدادی پروگرام کے تحت ایک کھرب ڈالر کے پیکج سے کورونا وائرس کے نتیجے میں گرتی ہوئی امریکی معیشت کو متحرک کرنے اور امریکی خاندانوں کی مدد کی جائے گی۔
امریکی وزیر خزانہ سٹیون منوچن کا کہنا ہے کہ کانگریس کو پیش کردہ وائٹ ہاؤس کے منصوبے کے مطابق ہر چیک ڈاک کے ذریعے براہ راست لوگوں کے بینک اکاؤنٹ میں بھیجا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کے مطابق ہر بالغ فرد کیلئے ایک ہزار جبکہ فی بچہ پانچ سو ڈالر ادائیگی ہو گی، اس طرح والدین اور دو بچوں پر مشتمل خاندان کو تین ہزار ڈالرملیں گے۔
یہ بھی پڑھیے:
کورونا وائر س : دنیا بھر میں سات ہزار987 ہلاکتیں ،امریکا کا معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے ایک کھرب ڈالر کا اعلان
کورونا وائرس: بھارت کا 22 مارچ کو ملک بھر میں کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ، بین الاقوامی پروازوں پر پابندی
کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اڑھائی کروڑ افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ
ان کا کہنا تھا کہ ان کا ہدف آئندہ تین ہفتوں تک یہ رقم لوگوں تک پہنچانا ہے۔ محنت مشقت کرنے والے امریکیوں کیلئے یہ کافی رقم ہو گی۔ اگر ہنگامی حالت جاری رہتی ہے تو پھر چھہ ہفتوں کے بعد خاندانوں کو دوبارہ اتنی ہی رقم موصول ہو گی۔
واضح رہے کہ امریکی کانگریس فوری طور پر آئندہ چند دنوں کے اندر یہ امدادی پیکج مرتب کرے گی۔2008ء کی کساد بازاری اور معاشی بحران کے بعد امریکیوں کیلئے یہ سب سے بڑی امداد ہے۔
صدر ٹرمپ کے امدادی پیکج کی تفصیلات ابھی طے ہو رہی ہیں اور قانون سازوں کا کہنا ہے کہ یہ ایک کھرب ڈالر سے آگے جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا کی سبھی ریاستیں کورونا وائرس کی لپیٹ میں آ چکی ہیں اور وہاں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 14 ہزار سے اوپر ہو چکی ہے جبکہ اب تک 218 افراد کی موت ہو چکی ہے، اس کے علاوہ امریکا میں 125 افراد وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوسم کا کہنا ہے کہ کیلی فورنیا کی 56 فیصد آبادی کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ لاس اینجلس میں شاپنگ مراکز، انڈور مالز، غیر ضروری ریٹیل تجارتی سینٹر بند کر دیئے گئے ہیں۔
ائیرکینیڈا کا 5 ہزار سے زائد ملازمین فارغ کرنے کا اعلان
کینیڈا کی قومی ائیر لائن ائیر کینیڈا نے کورونا وائرس پھیلنے کے بعد پروازوں میں کمی کی وجہ سے عملے کے 5ہزار 1 سو ملازمین کو ملازمت سے فارغ کر نے کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی ذرائع ابلاغ نے کینیڈا براڈکاسٹنگ کارپوریشن (سی بی سی) کے حوالے سے بتایا ہے کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورت حال کی وجہ سے ائیر کینیڈا کے پاس عملے کو کم کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے اس اقدام کو مشکل لیکن ضروری قرار دیتے ہیں۔
سی بی سی نے ائیر لائن کے نائب صدر رینی سمتھ والڈے کی جانب سے حکومت کو لکھے گئے خط کا حوالہ بھی دیا ہے جس میں انہوں نے مشکل حالات کی نشادہی کی ہے۔
سعودی عرب میں اندرون ملک پروازوں اور پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی
سعودی حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے اندرون ملک پروازوں اور پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کردی ہے۔