لاہور: چاروں صوبوں میں کورونا وائرس کے نئے مریض سامنے آنے کے بعد پاکستان میں متاثرہ افراد کی تعداد 453 تک پہنچ گئی ہے، اب تک پاکستان میں دو افراد اس مرض سے جاں بحق بھی ہو چکے ہیں جن کا تعلق خیبرپختونخوا سے تھا۔
وفاقی اور صوبائی اعداد و شمار کے مطابق اس وقت سندھ میں 245، پنجاب میں 78، خیبر پختونخوا میں 23، بلوچستان میں 81، گلگت بلتستان میں 23 اور اسلام آباد میں کورونا کے دو متاثرین موجود ہیں، اس کے علاوہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں بھی ایک مریض کی تصدیق کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق دو ہلاکتوں کے علاوہ اب تک پاکستان میں چار مریض اس وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے مطابق کراچی میں اب تک جن 59 افراد میں کووڈ-19 کی تصدیق ہوئی ہے ان میں سے 41 میں یہ مقامی طور پر منتقل ہوا جو کہ انتہائی پریشان کن ہے۔
پاک فوج کے حفاظتی انتظامات
پاک افواج نے بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کیے ہیں اور جہاں سماجی روابط میں احتیاط برتنے کا حکم دیا گیا ہے وہیں اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
فوج میں اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے جبکہ واپس آنے والوں کی سکریننگ کی جا رہی ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق تمام فوجی ہسپتال مکمل طور پر تیار ہیں،ہر ہسپتال میں آئسولیشن وارڈ قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ وہاں ڈاکٹر اور طبی عملہ بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 نے 1190 ہیلپ لائن قائم کردی
ریسکیو 1122 نے کورونا وائرس کے حوالے سے ہیلپ لائن 1190 قائم کر دی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کورونا وائرس جیسی علامات محسوس کرنے پر شہری ہیلپ لائن 1190 پر رابطہ کر سکیں گے، ہیلپ لائن کی ٹیسٹنگ کا عمل جاری ہے، آج اس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جائے گا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیلپ لائن کا مقصد کورونا سے بچاو کے لیے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔
سندھ میں جزوی’ لاک ڈائون ‘
سندھ حکومت نے بدھ سے صوبے میں جزوی ’لاک ڈاؤن‘ کا اعلان کیا تھا جس کے تحت اور صوبے کے تمام شاپنگ مراکز اور ریستورانوں میں کھانا کھلانے کی سروس 15 دن کے لیے بند کر دی گئی ہے تاہم کریانہ سٹور کے علاوہ سبزی اور گوشت اور دیگر اشیائے ضرورت کی دکانیں کھلی رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیے:
کورونا وائرس: عالمی معیشت اسٹاک مارکیٹس کو 19 کھرب، ٹیکنالوجی کمپنیوں کو 300 ارب ڈالر نقصان
’کورونا وائرس سے ترقی پذیر معیشتیں تباہ ہو سکتی ہیں، دنیا قرضے معاف کرنے پر غور کرے‘
کورونا کے باعث تعلیمی ادارے بند، مغربی سرحد سیل کرنے کا فیصلہ، 23 مارچ کی پریڈ منسوخ
کورونا وائرس پاکستان کی معیشت کیلئے کس حد تک تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے؟
کورونا وائرس کے خلاف پاکستان کا ’’قومی ایمرجنسی پلان‘‘ منظور، عالمی مالیاتی ادارے 588 ملین ڈالر امداد دیں گے
اس کے علاوہ صوبے میں اندرون ملک سے آنے والی بس سروس بھی معطل کردی گئی ہے جبکہ عوامی پارک اور کراچی میں ساحلِ سمندر بھی بند ہے ،تمام اجتماعات کے اجازت نامے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
حکومت سندھ کی فوج سے مدد طلب
کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے فوج سے مدد مانگ لی ہے۔
ترجمان سندھ حکومت کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ حکومت سندھ نے پاک فوج سے مدد طلب کر لی ہے۔
ترجمان کے مطابق کور کمانڈر کراچی نے حکومت سندھ کو ہر طرح کی مدد کی یقین دہانی کرا دی ہے، پاک فوج اور سندھ حکومت کی مشترکہ ٹیم کے ذریعے راشن کی تقسیم اور دیگر امور انجام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سکھر میں تمام مارکیٹیں اور چائے خانے بند
انتظامیہ نے حفاظتی انتظامات کے تحت سکھر کی تمام مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور چائے خانے بند کرادیے ہیں۔
کراچی ایکسپو سینٹر کو ہسپتال میں تبدیل کرنے کا فیصلہ
سندھ حکومت نے ایکسپو سینٹر کراچی کو دس ہزار بستروں پر مشتمل ہسپتال میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کے ایکسپو سینٹر میں بھی ایک اسپتال قائم کیا جائے گا جو 10 ہزار بستروں پر مشتمل ہوگا۔