کورونا وائرس، پاکستان میں مجموعی تعداد 453 ہوگئی، خیبر پختونخوا میں دو ہلاکتیں

واہگہ بارڈر دو ہفتوں کیلئے بند، سندھ میں جزوی لاک ڈائون، فوج سے مدد طلب، صوبائی حکومت کا غریب افراد کو 20 لاکھ راشن بیگز گھروں میں بھجوانے کا فیصلہ

835

لاہور: چاروں صوبوں میں کورونا وائرس کے نئے مریض سامنے آنے کے بعد پاکستان میں متاثرہ افراد کی تعداد 453 تک پہنچ گئی ہے، اب تک پاکستان میں دو افراد اس مرض سے جاں بحق بھی ہو چکے ہیں جن کا تعلق خیبرپختونخوا سے تھا۔

وفاقی اور صوبائی اعداد و شمار کے مطابق اس وقت سندھ میں 245، پنجاب میں 78، خیبر پختونخوا میں 23، بلوچستان میں 81، گلگت بلتستان میں 23 اور اسلام آباد میں کورونا کے دو متاثرین موجود ہیں،  اس کے علاوہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں بھی ایک مریض کی تصدیق کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق دو ہلاکتوں کے علاوہ اب تک پاکستان میں چار مریض اس وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے مطابق کراچی میں اب تک جن 59 افراد میں کووڈ-19 کی تصدیق ہوئی ہے ان میں سے 41 میں یہ مقامی طور پر منتقل ہوا جو کہ انتہائی پریشان کن ہے۔

پاک فوج کے حفاظتی انتظامات

پاک افواج نے بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کیے ہیں اور جہاں سماجی روابط میں احتیاط برتنے کا حکم دیا گیا ہے وہیں اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

‎فوج میں اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے جبکہ واپس آنے والوں کی سکریننگ کی جا رہی ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق تمام فوجی ہسپتال مکمل طور پر تیار ہیں،ہر ہسپتال میں آئسولیشن وارڈ قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ وہاں ڈاکٹر اور طبی عملہ بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو 1122 نے 1190 ہیلپ لائن قائم کردی

ریسکیو 1122 نے کورونا وائرس کے حوالے سے ہیلپ لائن 1190 قائم کر دی  ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کورونا وائرس جیسی علامات محسوس کرنے پر شہری ہیلپ لائن 1190 پر رابطہ کر سکیں گے، ہیلپ لائن کی ٹیسٹنگ کا عمل جاری ہے، آج اس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جائے گا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیلپ لائن کا مقصد کورونا سے بچاو کے لیے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔

سندھ میں جزوی’ لاک ڈائون ‘

سندھ حکومت نے بدھ سے صوبے میں جزوی ’لاک ڈاؤن‘ کا اعلان کیا تھا جس کے تحت اور صوبے کے تمام شاپنگ مراکز اور ریستورانوں میں کھانا کھلانے کی سروس 15 دن کے لیے بند کر دی گئی ہے تاہم کریانہ سٹور کے علاوہ سبزی اور گوشت اور دیگر اشیائے ضرورت کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیے: 

کورونا وائرس: عالمی معیشت  اسٹاک مارکیٹس کو 19 کھرب، ٹیکنالوجی کمپنیوں کو 300 ارب ڈالر نقصان

’کورونا وائرس سے ترقی پذیر معیشتیں تباہ ہو سکتی ہیں، دنیا قرضے معاف کرنے پر غور کرے‘

کورونا کے باعث تعلیمی ادارے بند، مغربی سرحد سیل کرنے کا فیصلہ، 23 مارچ کی پریڈ منسوخ

کورونا وائرس پاکستان کی معیشت کیلئے کس حد تک تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے؟ 

کورونا وائرس کے خلاف پاکستان کا ’’قومی ایمرجنسی پلان‘‘ منظور، عالمی مالیاتی ادارے 588 ملین ڈالر امداد دیں گے

اس کے علاوہ صوبے میں اندرون ملک سے آنے والی بس سروس بھی معطل کردی گئی ہے جبکہ عوامی پارک اور کراچی میں ساحلِ سمندر بھی بند ہے ،تمام اجتماعات کے اجازت نامے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

حکومت سندھ کی فوج سے مدد طلب

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے فوج سے مدد مانگ لی ہے۔

ترجمان   سندھ حکومت کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ حکومت سندھ نے پاک فوج سے مدد طلب کر لی ہے۔

ترجمان کے مطابق کور کمانڈر کراچی نے حکومت سندھ کو ہر طرح کی مدد کی یقین دہانی کرا دی ہے، پاک فوج اور سندھ حکومت کی مشترکہ ٹیم کے ذریعے راشن کی تقسیم اور دیگر امور انجام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سکھر میں تمام مارکیٹیں اور چائے خانے بند

انتظامیہ نے حفاظتی انتظامات کے تحت سکھر کی تمام مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور چائے خانے بند کرادیے ہیں۔

کراچی ایکسپو سینٹر کو ہسپتال میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

سندھ حکومت نے ایکسپو سینٹر کراچی کو دس ہزار بستروں پر مشتمل ہسپتال میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کے ایکسپو سینٹر میں بھی ایک اسپتال قائم کیا جائے گا جو 10 ہزار بستروں پر مشتمل ہوگا۔

غریب افراد کو 20 لاکھ راشن بیگز بھیجنے کی ہدایت

اجلاس میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ شہروں کی بندش سے غریب لوگ کھانے اورخوراک کے فکر میں مبتلا ہیں،  ہم غریب لوگوں کو راشن گھروں پر بھیجنا چاہتے ہیں، پہلے مرحلے میں ایک مہینے کے راشن بیگ لوگوں کےگھروں پر پہنچائے جائیں گے ۔

وزیراعلیٰ سندھ نے 20 لاکھ راشن بیگزغریب عوام میں بھیجنے کی ہدایت کی جس میں چاول، آٹا، تین اقسام کی دالیں، گھی، چینی، چائے کی پتی، خشک دودھ اور مصالحہ جات شامل ہوں گے۔

واہگہ بارڈر دو ہفتوں کیلئے بند

وزارت داخلہ نے دو ہفتوں کیلئے واہگہ بارڈر بند کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔

جمعرات کو وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ اقدام کورونا وائرس سے بچائو کیلئے حفاظتی انتظامات کے تحت کیا گیا ہے۔

ابتدائی طور پر واہگہ سرحدی گذرگاہ کو دو ہفتوں کیلئے بند کیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں واہگہ بارڈر کی بندش پاکستان اور بھارت کے مفاد میں ہے۔

پنجاب سے سندھ جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ بند

محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے سندھ جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ بند کردی۔پنجاب کے سیکریٹری ٹرانسپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤکے خدشے کے پیش نظر سندھ کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ بند کردی گئی ہے تاہم  پنجاب کے اندرانٹر سٹی ٹرانسپورٹ چلتی رہے گی۔

بڑے ہوٹلز کو قرنطینہ سینٹر بنانے کی تجویز

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( این ڈی ایم اے) نے  کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر  ملک کے بڑے ہوٹلز کو قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل کرنے کی تجویز دے دی۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک میں بڑے ہوٹلز کو قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل کرنے کےلیے صوبوں کے چیف سیکریٹریوں کو خط ارسال کیا ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے آزاد کشمیر سمیت تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو 16 مارچ کو خط لکھا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کو مزید پھیلاؤ سے روکنے کے اقدامات کے پیش نظر ملک میں تھری اور فور اسٹار ہوٹلز کو خالی کرواکر قرنطینہ مراکز میں تبدیل کیا جائے۔

کوئٹہ میں پبلک ٹرانسپورٹ معطل

بلوچستان حکومت نے کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر کوئٹہ کے تمام بڑے شاپنگ مالز ،ریسٹورینٹس  اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی حکومت نے ایک ارب روپے سے کورونا فنڈ قائم کردیا جب کہ وزرا، اراکین اسمبلی  اور ملازمین اپنی تنخواہیں عطیہ کریں گے۔

پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق حکومت نے پاک-ایران سرحد تفتان سے زائرین کو ان کے صوبے میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here