اسلام آباد: ورلڈ بنک اور ایشیائی ترقیاتی بنک پاکستان کو کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے مجموعی طور پر 588 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔
بدھ کووزارت منصوبہ بندی میں چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان کی زیرِ صدارت کورونا وائرس پر اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ورلڈ بنک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرزنے شرکت کی۔ عالمی اقتصادی ادارے مجموعی طور پر 588 ملین ڈالر فراہم کریں گے۔
کورونا وائرس کے خلاف ”پاکستان قومی ایمرجنسی پلان“ کی منظوری دے دی گئی۔ قومی ایمرجنسی پلان کے تحت ملک بھر میں آئسولیشن رومز کے قیام کیلئے فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔
ملک بھر کورونا وائرس کی نگرانی کا مربوط نظام تشکیل دیا جائے گا،ملک بھر میں کورونا کی روک تھام کیلئے اضافی سامان فراہم کیا جائے گا۔
کورونا کے مریضوں کیلئے وینٹی لیٹرز بھی فراہم کیے جائیں گے، میڈیکل ٹیموں اور طبی عملے کیلئے حفاظتی لباس بھی فراہم کیا جائے گا۔
ان اقدامات کیلئے ورلڈ بنک 238 ملین ڈالر جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک 350 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔ دونوں مالیاتی ادارے یہ امداد پاکستان کے نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجنٹ کے ادارے کو دیں گے جہاں سے یہ امدادی رقم ملک بھر میں کورونا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر خرچ کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ موڈیز نے گزشتہ روز اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ کورونا وائرس کے سبب پاکستان سمیت دیگر ایشیائی ممالک کی معاشی شرح نمو کم رہے گی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معاشی شرح نمو 2.5 فیصد ہوگی جو اس سے قبل 2.9 فیصد رہنے کا امکان تھا جب کہ مجموعی طور پر ایشیا کی معاشی شرح نمو 2.8 فیصد رہے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز (منگل) کہا تھا کہ پاکستان میں کورونا زیادہ پھیلا تو اس سے نمٹنے کی صلاحیت اور وسائل نہیں ہیں۔ کورونا وائرس کے باعث پیش آنے والی صورتحال کے باعث وزیراعظم نے عالمی اداروں سے پاکستان سمیت غریب ممالک کے قرضے معاف کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔