کورونا وائرس: عالمی معیشت پر تباہ کن اثرات، اسٹاک مارکیٹس کو 19 کھرب، ٹیکنالوجی کمپنیوں کو 300 ارب ڈالر نقصان

فلپائن نے اسٹاک مارکیٹ غیر معینہ مدت کے لیے بند کردی، تیل کی قیمتیں چار سال کی کم ترین سطح پر، مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 7510 ہوگئی

1181

واشنگٹن، منیلا: کورونا وائرس کے باعث  دنیا کی معیشت پر تباہ کن اثرات مرتب ہو رہے ہیں، سرمایہ کار غیر یقینی صورتحال کے باعث  بوکھلاہٹ کا شکار ہیں جبکہ عالمی حصص بازاروں اور تیل کی منڈیوں میں شدید مندی کا سامنا ہے، عالمی سٹاک مارکیٹس میں مندی کے باعث اب تک سرمایہ کاروں کو 19 کھرب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔  

امریکا میں ایس اینڈ پی 500 انڈیکس کاروبار کے آغاز کے محض چند منٹوں بعد ہی بد ترین مندی کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں دو کھرب ڈالر کا نقصان ہوا، تین بڑی اسٹاک مارکیٹوں میں کاروبار روکنا پڑا اور ایسا گزشتہ چھ دنوں میں تیسری مرتبہ ہوا ہے۔

ہنگامہ خیز مندی سے کئی بڑے شعبے اور کمپنیاں شدید متاثر ہوئیں، ایپل، ایمازون اور مائیکروسافٹ کو مشترکہ طور پر 300ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا جبکہ توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبے کے حصص میں 10 فیصد اور مالیاتی شعبے کے حصص میں 12.6 فیصد کمی ہوئی ہے۔

نائیکی، انڈر آرمر اور لولے مون اتھلیٹیکا کی جانب سے خراب معاشی صورتحال کے باعث سٹور بند کرنے کے اعلان کے باعث ایس اینڈ پی انڈیکس میں 9.3 فیصد کمی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:  ’کورونا وائرس سے ترقی پذیر معیشتیں تباہ ہو سکتی ہیں، دنیا قرضے معاف کرنے پر غور کرے‘

ایس اینڈ پی 1500ائیرلائن انڈیکس میں 16 فیصد گراوٹ دیکھی گئی، یونائیٹڈ ائیرلائنز کی آمدنی میں مارچ کے مہینے میں 1.5 ارب کی کمی ہو چکی ہے اورائیر لائن نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ ممکن ہے گرمیوں تک جہاز تقریباً خالی اڑانا پڑیں۔

دو  بڑی کروز شپ کمپنیوں کارنیول کارپوریشن اور کئیریبین کروزز کو بھی 13فیصد نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

فلپائن نے اسٹاک مارکیٹ بند کردی

کورونا وائرس کے باعث معاشی مندی کی صورتحال میں فلپائن نے اپنی اسٹاک مارکیٹ غیر معینہ مدت کے لیے بند جبکہ بانڈز اور کرنسی کے کاروبار پر تاحُکم ثانی پابندی لگا دی ہے۔

فلپائن کی اسٹاک مارکیٹ سے جاری کردہ بیان کے مطابق بازار حصص  کی بندش کا فیصلہ فلپائنی صدر کی جانب سے  کورونا وائرس کے تناظر میں جاری لاک ڈاؤن  بڑھانے کے فیصلے کے بعد کیا گیا ہے۔

 یہ بھی پڑھیے: ’کورونا وائرس کی ویکسین ابتدائی مراحل میں ،تباہ کاریاں جولائی اگست تک جاری رہ سکتی ہیں‘

کورونا وائرس نے فلپائن میں اب تک 140 افراد کو متاثر کیا ہے جس میں سے ایک درجن کے قریب موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

مارچ کے دوران اب تک فلپائن کی اسٹاک مارکیٹ میں 20 فیصد کمی ہو چکی ہے جو کہ اسکی 2008 کے بعد کم ترین سطح تھی جبکہ بندش سے قبل سوموار کو صرف ایک دن میں سٹاک مارکیٹ میں  آٹھ فیصد گراوٹ دیکھی گئی۔ 

تیل کی قیمتیں چار سال کی کم ترین سطح پر

کورونا وائرس کی وجہ سے  معاشی زبوں حالی کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، تازہ ترین رپورٹس کے مطابق تیل کی قیمت  30ڈالر فی بیرل  سے نیچے آچکی جو کہ گزشتہ چار سال کی کم ترین قیمت ہے۔

یہ بھی پڑھیے: خام تیل کی قیمتیں گرنے سے دنیا کی سب سے بڑی تیل کمپنی آرامکو کے منافع میں 21 فیصد کمی

ماہرین  کے مطابق تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کا یہ رجحان برقرار رہنے کی توقع ہے اور فوری طوری میں اسک رکنے کا کوئی امکان نہیں، اس کی وجہ کورونا وائرس کی وجہ سے لگائی جانے والی سفری پابندیاں اور دوسرے اقدامات جس میں لاک ڈاؤن کے باعث ڈیمانڈ اور سپلائی میں فرق اور روس، سعودی عرب تنازعہ بتایا جارہا ہے۔

عالمی صورت حال

دنیا کو اس وقت کورونا وائرس کی مہلک وبا کا سامنا ہے۔معاشی سرگرمیاں شدید متاثر، سماجی سرگرمیوں پر پابندی اور کئی ممالک مکمل لاک ڈاؤن سے گزر رہے ہیں، چین سے پھیلنے والا وائرس 155 سے زائد ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔اب تک  دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 88ہزار 611  جبکہ مرنے والوں کی تعداد 7510 ہوچکی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here