فروری میں 2017 کے بعد براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 151فیصد اضافہ

سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے آٹھ ماہ کے دوران چین 697 ملین ڈالر کے ساتھ سب سے بڑا سرمایہ کار رہا،289 ملین ڈالر کے ساتھ ناروے دوسرے نمبر پر رہا

593

کراچی : فروری 2020 کے دوران پاکستان میں کی جانے والی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی )میں 151 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق فروری 2020 میں پاکستان میں 289 ملین ڈالر براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری آئی جبکہ گزشتہ سال فروری میں 151 ملین ڈالر سرمایہ کاری کی گئی تھی، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اکتوبر 2017 کے بعد پہلی بار سالانہ بنیادوں پر براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 150 فیصد کے لگ بھگ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ (جولائی تا فروری) کے دوران پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 75 فیصد اضافے سے 1853 ملین ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران ایف ڈی آئی1059 ملین ڈالر تھی۔

ڈیٹ سکیورٹیز کی مد میں بھی گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران پاکستان میں 2161 ملین ڈالر سرمایہ کاری کی گئی۔

یہ بھی پڑھیے: 

کیا پی بی آئی ٹی پنجاب کو سرمایہ کاری کا مرکز بنانے کے حوالے سے فیصلہ کن کردار ادا کر پائے گا؟

’سرمایہ کاری کیلئے پورے خطے میں پاکستان سب سے آزادانہ ماحول فراہم کر رہا ہے‘

روس کیساتھ 40 سال پرانا تجارتی تنازع ختم، پاکستان 93.5 ملین ڈالر ادا کریگا، 8 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی راہ ہموار

امن و امان کی بہتر صورت حال ، حکومت کی سرمایہ کاروں کے لیے سہولیات اور معاشی حالات میں بتدریج بہتری کی وجہ سے رواں مالی سال کے دوران پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور گزشتہ چار ماہ سے ماہانہ بنیادوں پر مسلسل 200 ملین ڈالر ایف ڈی آئی پاکستان میں آ رہی ہے۔

دسمبر 2019ء میں صرف ایک ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں 887 ملین ڈالر سرمایہ کاری کی جبکہ دسمبر 2018 میں 319 ملین ڈالر سرمایہ کاری آئی تھی۔

سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق آٹھ ماہ کے دوران چین پاکستان میں سب سے بڑا سرمایہ کار رہا، چینی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں نے پاکستان میں 697 ملین ڈالر براہ راست سرمایہ کاری کی جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 304 ملین ڈالر تھی۔

چین کے بعد ناروے پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کرنے والا دوسرا بڑا ملک رہا جس نے رواں مالی سال کے آٹھ ماہ کے دوران 289 ملین ڈالر سرمایہ کاری جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں ناروے کی سرمایہ  کاری 1.2  ملین ڈالر تھی ۔

متحدہ عرب امارات اور کویت کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں کمی آئی اور دونوں ممالک نے بالترتیب 14 ملین ڈالر اور 4 ملین ڈالر سرمایہ کاری کی۔

رپورٹ کے مطابق پاور سیکٹر میں سب سے زیادہ 575.6 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی ہے جبکہ مواصلات کے شعبہ میں 471.8 ملین ڈالراور الیکٹرکل مشینری کے شعبہ میں 143.4 ملین ڈالر کی ایف ڈی آئی کی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here