اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے دو مختلف کارروائیوں میں 60 ملین روپے مالیت سے زیادہ کے نان ڈیوٹی پیڈ سگریٹ ضبط کیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، ایف بی آر ان لینڈ ریونیو (حیدرآباد) اور ریجنل ٹیکس آفس (سکھر) کے اعلیٰ حکام نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اس وقت 2.7 ملین (271 کارٹن) نان ڈیوٹی پیڈ سگریٹ ضبط کیے جب انہوں نے سکھر بائی پاس کے قریب شیخ گڈز ٹرانسپورٹ پر چھاپا مارا۔
ان مصنوعات کی قیمت ایک اندازے کے مطابق، 60 ملین روپے بنتی ہے کیوں کہ ملزموں نے ان مصنوعات پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس ادا نہیں کیا۔
دوسری جانب آر ٹی او پشاور کے کمشنر طارق جمیل خٹک نے نوشہرہ اور چمکانی پولیس کی مدد سے ایک وہیکل (ایل او ٹی 1801) کی تلاشی کے دوران 1.5 ملین نان ڈیوٹی پیڈ سگریٹ ضبط کیے جن کی مالیت 2.7 ملین روپے بنتی ہے۔
ذرائع نے کہا ہے کہ ملزم خیبرپختونخوا سے سگریٹ پنجاب منتقل کر رہے تھے، انہوں نے مزید کہا کہ حکام نے ضبط کی گئی مصنوعات پشاور ٹیکس آفس میں منتقل کر دی ہیں۔