لاہور: ای روزگار کے فری لانسرز کو مالی معاملات میں آسانی فراہم کرنے کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی بی آئی ٹی) اور سادہ پے (SadaPay)کے مابین مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں۔
پنجاب انفارمیشن بورڈ ای گورننس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ساجد لطیف اور سادہ پےکے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) نے اپنے اپنے ادارے کی جانب سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے، سادہ پے کے مارکیٹنگ ہیڈ محمد اسد، پی آئی ٹی بی کے ڈائریکٹر سلمان امین ، سنئیر پروگرام مینیجر احمد اسلام اور فوکل پرسن وشال نوید بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے پی آئی ٹی بی کے ڈائریکٹر جنرل ساجد لطیف کا کہنا تھا کہ ای روزگار دراصل پی آئی ٹی بی ، یوتھ افئیرز، سپورٹس، آرکیالوجی اور سیاحت کے محکموں کا مشترکہ پراجیکٹ ہے، سادہ پے ہر ای روزگار گریجوایٹ کو بل معاوضہ اکاؤنٹ بنا کر دے گا جو اس معاہدے کی معیاد تک کار آمد ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان میں فری لانسرز کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا، اب تک 16ہزار طلبہ پنجاب بھر میں قائم 32 ای روزگار سینٹرز سے فارغ التحصیل ہوچکے ہیں اور 230 ملین سے زیادہ کی خطیر رقم کما چکے ہیں۔
اس موقع پر سادہ پے کے سی ای او برینڈن ٹیمینکسی نے کہا کہ ان کا ادارہ غیر ملکی لین دین کے لیے بہترین متبادل ہے جو کہ فری لانسرز کو اپنی خدمات کم سے کم معاوضے کے عوض فراہم کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ فری لانسرز کو تین سال کے لیے اکاؤنٹس اور ڈیبٹ کارڈز بلا معاوضہ فراہم کیے جائیں گے، دس ہزار روپے سے کم کے ٹرانسفر پر کوئی آئی بی ایف ٹی فیس لاگو نہیں ہوگی البتہ دس ہزار سے ڈھائی لاکھ تک کے ٹرانسفر پر آٹھ روپے بطور فیس چارج کیے جائیں گے۔