کوروناوائرس : ایشیائی ترقیاتی بینک کا ہیڈکوارٹر بند، ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت

وائرس سے بچائو کے لیے ادویات اور دیگر سازوسامان فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے 20 کروڑڈالر فنڈز کی منظوری

751

منیلا:  چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے باعث عالمی کمپنیاں متاثرہ ممالک میں اپنے دفاتر عارضی طور پر بند کرکے ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کا حکم دے چکی ہیں، اب ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی منیلا میں اپنا صدر دفتر بند کرکے ملازمین کو گھروں سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کی انتظامیہ نے 12 مارچ کو منیلا میں واقع بینک کا ہیڈ کوارٹر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ بینک میں آنے والے ایک صارف میں کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کیا گیا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے کہا گیا صارفین کے لیے تمام بینکنگ سروسز جاری رہیں گی البتہ ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں جب کہ انتظامیہ بینک کو کھولنے کے حوالے سے آئندہ دنوں میں فیصلہ کرے گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر کے مطابق ملازمین، صارفین اور ان کے اہلخانہ کا تحفظ سب سے زیادہ اہم ہے۔

کورونا وائرس سے نمٹنے کے 20 کروڑ ڈالر فنڈز کا اعلان

اس کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے کورونا وائرس سے بچائو کے لیے ادویات اور دیگر سازوسامان فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے 20 کروڑڈالر فنڈز کی منظوری دی ہے۔

بینک کی جانب سے ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ایسی کمپنیاں جو کورونا سے بچائو کی ادویات  اورتحفظ کا سامان بنا رہی یا تقسیم کر رہی ہیں انہیں سپلائی چین کے مسائل کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک دیگر کمرشل بینکوں کے تعاون سے ایسی کمپنیوں کو امداد فراہم کرے گا تاکہ ایشیا پیسفک ریجن میں کورونا وائرس کے خلاف پختہ اقدامات کیے جاسکیں۔

فلپائن کی سینیٹ بھی بند

دوسری جانب فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں ہی واقع سینیٹ کا وزٹ کرنے والے ایک شخص میں کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سینیٹ کو بند کردیا گیا ہے جب کہ پارلیمنٹ کی بلڈنگ میں جراثیم کش اسپرے کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق احتیاطی تدابیر کے تحت فلپائنی صدر کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا جائے گا۔

واضح رہےکہ فلپائن میں اب تک کورونا وائرس کے 49 کیسز سامنے آئے ہیں اور ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد حکام نے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے جس کے تحت منیلا میں تمام تعلیمی ادارے ایک ہفتے کے لیے بند ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here