سٹاک مارکیٹ میں مندی کا راج، ہفتے میں دوسری بار کاروبار روکنا پڑا، انڈیکس 1777 پوائنٹس گر گیا

815

کراچی: پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی کا راج بدستور برقرار ہے، رواں ہفتے کے دوران دوسری بار بدترین مندی کے باعث کاروبار روکنا پڑا، کاروبار کے اختتام پر انڈیکس ایک ہزار 777 پوائنٹس کی کمی سے بند ہوا۔     

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں عموماً 100 انڈیکس کو دیکھا جاتا ہے لیکن اگر 30 انڈیکس چار فیصد گر جائے اور یہ گراوٹ مسلسل پانچ منٹ برقرار رہے تو رسک مینجمنٹ کے لیے حصص کا لین دین 45 منٹ کے لیے روک دیا جاتا ہے۔

جمعرات کو کاروبار کا آغاز 36652 پوائنٹس سے ہوا اور کچھ ہی دیر میں 100 انڈیکس 1324پوائنٹس گرگیا، دن کے وسط میں انڈیکس 35895.77 پر آ گیا،  بعد ازاں کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 1716.56 پوائنٹس کی کمی سے 35956.69 کی کم ترین سطح پر بند ہوا۔

اس کے ساتھ 30 انڈیکس میں بھی چار فیصد کمی ہوگئی جس کے بعد حصص کا لین دین روک دیا گیا، 30انڈیکس 936 پوائنٹس کمی سے 15992 پر بند ہوا۔

کے ایس ای آل شئیر اندیکس کو 816 پوائنٹس کمی کا سامنا کرنا پڑا اور یہ 25310 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر جن حصص کی تجارت ہوئی ان میں سے 42 کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 240 کی قیمتوں میں کمی دیکھنے کو ملی۔

ایسے میں جبکہ سٹاک مارکیٹ کو گراوٹ کا سامنا تھا، سیمنٹ کمپنیوں کے حصص کی تجارت مثبت رہی، تجزیہ کاروں کے مطابق سیمنٹ سیکٹر میں یہ مثبت رجحان عالمی سطح تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث ہے۔

ڈالر کی قدر میں اضافہ

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں انٹر بینک میں روپے کی قدر میں  مزید کمی ہوگئی، جمعرت کو انٹرا بینک میں ڈالر 48 پیسے مزید مہنگا ہونے سے 158 روپے 90 پیسے تک پہنچ گیا ہے۔

رواں کاروباری ہفتے کے دوران ڈالر کی قدر میں مسلسل چوتھے روز بھی اضافہ ہوا ہے، کاروباری ہفتے کے گزشتہ تین دن کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں  2.6 فیصد کمی جبکہ ڈالر 4.05 روپے مہنگا ہو چکا ہے۔

انٹر بینک میں چھ مہینوں میں ڈالر کی قدر میں اضافہ نہیں دیکھا گیا تھا لیکن جمعرات کو ڈالر کی قیمت 158.42 روپے کے برابر ہو گئی جسکی وجہ سٹاک مارکیٹ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا سٹاکس کو بیچنا قرار دیا جا رہا ہے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کی وجہ سے 26 ممالک سے امریکا کی طرف سفر پر پابندی عائد کردی ہے جس کے بعد تیل کی قیمتیں گرنے سے عالمی منڈیاں بھی مندی کی زد میں ہیں۔

دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے ہوئےکرونا وائرس سے تجارت اور عالمی معیشت کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

جمعرات کو ایشیائی سٹاک بازاروں  میں بھی مندی کا رجحان رہا، جاپانی سٹاک مارکیٹ میں 3.3 فی صد کمی، چینی سٹاک مارکیٹ میں 1.7 فیصد اور ہانگ کانگ سٹاک مارکیٹ میں 3.8 فیصد کمی جبکہ سنگاپور میں 3.9 فیصد کمی ہوئی ہے۔

عالمی منڈی میں خام تیل سستا ہو گیا، امریکی خام تیل کی قیمت 4 فی صد کمی کے بعد 31 ڈالر 63 سینٹس پر آ گئی جبکہ برطانوی خام تیل 4 فی صد کم ہو کر 34 ڈالر 27 سینٹس پر ٹریڈ ہوا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here