بارسلونا، میلان: یورپ میں بڑی کارساز اور پرزے بنانے والی کمپنیوں نے اٹلی میں کورونا وائرس پھیلنے کے باعث فیکٹریاں بند کرکے ملازمین کو گھروں میں بھیج دیا ہے، کورونا وائرس سے آٹو انڈسٹری بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
آٹو موبائل کمپنی فیاٹ کریسلر (Fiat Chrysler) نے کہا ہے کہ کمپنی نے اٹلی میں واقع چند فیکٹریوں کے آپریشنز عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یورپ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر گاڑیوں کی پیداوار کم ہو جائیں گی۔
اطالوی-امریکن کمپنی نے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے اور وبائی مرض کو روکنے کے لیے کام اور آرام کی جگہوں کی صفائی کے عمل کوتیز کر دیا ہے۔
اطالوی ٹائر بنانے والی کمپنی پائریلی (Pirelli) کا کہنا ہے کہ انکے ایک ملازم میں کورونا وائرس کی نشاندہی ہو چکی ہے جس کے بعد شمال اٹلی میں واقع سیٹیمو ٹارنیز پلانٹ (Settimo Torinese plant) پر کچھ دنوں کے لیے پیداواری عمل کو روک دیا گیا ہے۔
اسی طرح برطانیہ، فرانس، سپین اور جرمنی کی کارساز کمپنیوں نے کورونا وائرس پھیلنے کے خوف سے فیکٹریاں بند کر کے ملازمین کو گھر بھیج دیا ہے۔
یورپ میں کارساز کمپنیوں کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے شدید دھچکا لگا ہے، کمپنیوں کو عالمی طلب میں کمی اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو کم کرنے کے لیے زیادہ لاگت جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ اُدھر کورونا وائرس سے چین کی آٹوموبائل کمپنیوں کو بھی شدید نقصان ہوا، صارفین وباء کےباعث گھروں میں محدود ہو چکے ہیں جس سے گزشتہ ماہ گاڑیوں کی فروخت گر گئی تھی۔
اٹلی میں موجود آٹوموبائل انڈسٹری کی ایک ایسوسی ایشن نے گزشتہ ہفتے گاڑیوں کی فروخت پر خبردار کیا تھا کہ انڈسٹری 15 فیصد سے زائد کم ہو جائے گی۔
آٹو موبائل کمپنی سیٹ (Seat) کے ترجمان میٹیاس کارنیرو (Matias Carnero)نے کہا کہ کمپنی کی سپلائی چین کورونا وائرس کے باعث بری طرح متاثر ہوئی ہے، سپین کے ملازمین کو تنخواہیں دے کر عارضی طور پر چھٹی دے دی گئی ہے، چھٹی کا دورانیہ طے نہیں کیا گیا لیکن چھٹی کا دورانیہ دو سے پانچ ہفتوں کے درمیان ہو سکتا ہے۔ کارنیرو نے کہا کہ اس فیصلے سے 7000 کے قریب ملازمین متاثر ہونے کا امکان ہے۔