اسلام آباد : وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ وزارت صحت فیس بک پرکورونا وائرس سے بچائو کے مناسب وسائل اور رہنما اصولوں کو اجاگر کرنے کے لئے جلد ہی کورونا وائرس سے بچائو کے بارے میں آگاہی مہم شروع کرے گی۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستانی صارفین کے لئے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلائو کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنے پلیٹ فارم پرکورونا وائرس کے بارے میں عوامی آگاہی مہم چلائے گی۔
ظفر مرزا نے کہا کہ فیس بک کے وفد نے پاکستان کو ملک میں ناول کووڈ۔19 کا مقابلہ کرنے کے لئے آگاہی مہم چلانے کی پیش کش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیس بک پر لاکھوں پاکستانی صارفین موجود ہیں جو اس اقدام سے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیس بک کی مدد سے سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پیجز سے کورونا وائرس سے متعلق غلط معلومات کو بھی ختم کردی جائے گی۔
بعد ازاں ایک ٹویٹ میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کو وبائی مرض قرار دیا ہے، دنیا بھر میں کرونا وائرس کے وسیع پیمانے پر پھیلنے کی وجہ سے ڈبلیو ایچ او تمام ممالک کے لئے اس کے خطرات کو اجاگرکرنا چاہتا ہے تاکہ ممالک اپنی تیاری اور ذمہ داری کو مستحکم بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ، وفاقی اور صوبائی حکومتیں گذشتہ سات ہفتوں سے تیاری اور رسپانس پر کام کر رہی ہیں، ہم انشاء اللہ پاکستانیوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے کام کرتے رہیں گے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ دنیا اب بھی سراغ لگا کر، علاج اور اپنے لوگوں کو متحرک کر اس وبا کا رخ بدل سکتی ہے۔ ممالک کو عوام کی حفاظت کے لئے ان سے بات چیت کرکے ہنگامی صورتحال کو بڑھانے کی ضرورت ہے