’چینی صدر رواں سال کے وسط میں رشکئی سپیشل اکنامک زون کا افتتاح کریں گے‘

ضلع نوشہرہ میں بننے والا 778 ایکڑ رقبے پر محیط رشکئی خصوصی اقتصادی زون تین مرحلوں میں چھ سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا

688

اسلام آباد: پانچ ماہ کی تاخیر سے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کی تحت بننے والے رشکئی خصوصی اقتصادی زون کا افتتاح رواں سال مئی کے آخر یا جون کے آغاز میں متوقع ہے ۔

خبریں آ رہی ہیں کہ رشکئی اقتصادی زون کا افتتاح چین کے صدر ژی جن پنگ کریں گے جو رواں سال کے وسط میں پاکستان کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اس بات کا انکشاف سرمایہ کاری بورڈ کے سیکریٹری عمر رسول نے ’ڈائیلاگ آن انڈسٹریل کوآپریشن انڈر سی پیک اینڈ سپیشل اکنامک زونز فریم ورک ‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

یہ بھی پڑھیں:

کیا پاکستان سی پیک میں امریکا کو شامل کرنے جا رہا ہے؟

سعودیہ سمیت کسی بھی تیسرے فریق کو سی پیک کا حصہ بنانے پر کوئی تحفظات نہیں: چین

پاکستان اور چین نے 5 سالوں کے دوران سی پیک کے 32 منصوبے مکمل کر لیے

سیکریٹری سرمایہ کاری بوڑد کا کہنا تھا کہ رشکئی خصوصی اقتصادی زون کی تعمیر کے لیے اکنامک زونز ڈویلپمنٹ  اینڈ مینجمنٹ کمپنی اور چین کی روڈ اینڈ برج کوآپریشن (سی آر بی سی)کے مابین کامیاب معاہدہ طے پاچکا ہے اور سی پیک کے تحت پہلے خصوصی اقتصادی زون پر کام ایک ماہ میں شروع  ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں خصوصی اقتصادی زونز میں انفرسٹرکچر کے ساتھ تمام ضروریات کی فراہمی ایک ماہ کے اندر یقینی بنائی جائے گی جبکہ زون کی تعمیر کا پہلا مرحلہ رواں سال کے وسط میں شروع ہو گام رشکئی اقتصادی زون کو بجلی کی مسلسل فراہمی کے لیے ایک سال میں 60 میگا واٹ کے منصوبہ مکمل کیا جائےگا۔

 

عمر رسول نے فیصل آباد میں ایم تھری سپیشل اکنامک زون کی تعمیر کے حوالے سے پنجاب حکومت کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت بننے والے تین اقتصادی زونز میں سے دھابیجی سپیشل اکنامک زون اپنے محل وقوع کی وجہ سے بہترین ہو گا۔

سیکریٹری سرمایہ کاری نے تسلیم کیا کہ ملک میں ترقیاتی منصوبوں کے پی سی وَن کی منظوری کا طریقہ کار کافی پیچیدہ ہے کیوں کہ اس میں کافی محکمے ملوث ہوتے ہیں، پھر نیب کا خوف بھی ہوتا ، بیوروکریسی بھی کافی رکاوٹیں حائل کرتی ہے۔

ضلع نوشہرہ میں بننے والا 778 ایکڑ رقبے پر محیط رشکئی خصوصی اقتصادی زون تین مرحلوں میں چھ سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔

اس سے قبل رشکئی اقتصادی زون کا افتتاح نومبر 2019 میں ہونا متوقع تھا تاہم یوٹیلٹی سروسز کی عدم تعمیر اور چینی ڈویلپرز کے ساتھ معاہدوں میں تاخیر کی وجہ سے افتتاح کا وقت تبدیل کرنا پڑا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here