اسلام آباد: چئیرمین وفاقی بورڈ برائے ریونیو (ایف بی آر) شبر زیدی نے طبیعت ناسازی کی بنا پر ایک بار پھر کام جاری رکھنے سے معذرت کر لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چئیرمین ایف بی آر نے نے وزارتِ خزانہ کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ خرابیِ صحت کے باعث کام جاری نہیں رکھ پائیں گے۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ شبر زیدی نے اب تک استعفیٰ نہیں دیا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے نئے چئیرمین ایف بی آر کی تلاش شروع کر دی ہے۔
اس سے قبل فروری میں مشیرِ خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے اشارہ دیا تھا اگر چئیرمین ایف بی کی طبیعت بحال نہیں ہوتی تو وفاقی حکومت شبر زیدی کو انکے عہدے سے فارغ کر سکتی ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے حفیظ شیخ نے کہا تھا کہ اگر انکی طبیعت نہ سنبھلی تو حکومت جلد چئیرمین ایف بی آر کو ہٹانے کا فیصلہ کر سکتی ہے کیونکہ حکومت منی بجٹ لانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’’چئیرمین ایف بی آر بیمار ہیں اور ہمیں امید ہے کہ وہ جلد تندرست ہو جائیں گے‘‘۔
گزشتہ ماہ خبریں آئی تھیں کہ چئیرمین ایف بی آر سرکاری عہدے سے طبی بنیادوں پر غیرمعینہ چھٹیوں پر ہیں۔
اس سے قبل پاکستان ٹو ڈے سے بات کرتے ہوئے ایف بی آر کے سربراہ نے تصدیق کی تھی کہ وہ طبیعت ناسازی کی وجہ سے چھٹیوں پر جا رہے ہیں، ان سے جب چھٹیوں کے دورانیے کے بارے میں استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا تھا کہ اس کا انحصار ڈاکٹروں کی ہدایات پر ہو گا۔
شبر زیدی کی عدم موجودگی میں حکومت نے نوشین جاوید امجد کو چیئرمین شپ دینے کا فیصلہ کیا تھا، اس سے پہلے نوشین جاوید ان لینڈ ریونیو سروس میں گریڈ 22 کی افسر تھیں۔
وفاقی حکومت نے نوشین جاوید کی بطور چئیرمین ایف بی آر تعنیاتی کا نوٹی فکیشن جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ شبرزیدی کی چھٹی کی وجہ سے نوشین جاوید 31 جنوری سے ایف بی آر کے معامات دیکھیں گی۔